عتبہ حسینیہ کے اعلی سطحی وفد کا ویٹیکن کے سفارت خانے کا دورہ
وزارت خارجہ کے ثقافتی امور کے مشیر کے تعاون سے حرم امام حسین علیہ السلام کے جنرل سیکریٹریٹ کے اعلی سطحی وفد نے جمہوریہ عراق میں ویٹیکن کے سفارت خانے کا آفیشلی دورہ کیا
وفد نے سفارت خانے میں قائم مقام سفیر پادری چارلس لوَنگا سیوسونا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے ثقافتی و مذہبی تعاون کو مضبوط بنانے اور ان مشترکہ اقدار پر تبادلۂ خیال کیا جس کا ہدف پُرامن اور باہمی احترام پر مبنی انسانی معاشرے کی تشکیل ہے۔
عتبہ حسینیہ کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی چیف اور وفد کے رکن، جناب حسن نعمة الخفاجی نے کہا عتبہ حسینیہ مقدسہ کے جنرل سیکریٹریٹ کے ایک وفد نے عراق میں ویٹیکن کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور قائم مقام سفیر پادری چارلس لوَنگا سیوسونا سے بغداد میں ان کے سفارت خانے میں ملاقات کی۔
خفاجی نے مزید بتایا کہ "وفد نے عظیم مذہبی پیشوا پوپ فرانسس کی وفات پر تعزیت پیش کی اور ان کی عراق آمد اور نجف اشرف میں مرجعیت اعلی سے ملاقات کا ذکر کیا، جو کہ بین المذاہب مکالمے میں ایک نمایاں سنگِ میل تھا اور اس نے امن اور رواداری کی اقدار کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا
انہوں نے مزید کہا وفد نے ویٹیکن کو پوپ لیون چہاردہم کی بطور پوپ تقرری پر مبارکباد بھی دی اور ان کو عراق کے دورہ کی دعوت بھی دی
خفاجی نے اشارہ کیا کہ "ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ دونوں فریقین کے درمیان ثقافتی اور انسانی میدانوں میں تعاون کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے کیونکہ یہ مشترکہ مفاہمت اور عالمی انسانی اقدار کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے
اپنی طرف سے، قائم مقام سفیر پادری چارلس لوَنگا سیوسونا نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور پوپ فرانسس کے انتقال پر ان کے انسانی اور مہذب موقف کو سراہا۔ انہوں نے مذاہب کے درمیان روابط رکھنے اور معاشروں میں پُرامن بقائے باہمی کے کلچر کو مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
دوسری جانب حرم کے ذیلی ادارے بین الاقوامی میڈیا سنٹر کے ڈائریکٹر، جناب حیدر المنکوشی نے بتایا کہ بین الاقوامی میڈیا سنٹر اور وزارت خارجہ کے ثقافتی مشیر (جن کی نمائندگی جناب مقداد نوری کرتے ہیں) اور ویٹی کن لائبریری کے درمیان پہلے سے مثبت اور نتیجہ خیز تعاون موجود ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس تعاون کے نتیجے میں ویٹیکن لائبریری اور پاپائی اسلامی مطالعاتی ادارے کو اہل بیت علیہم السلام کے فکر اور مکتبہ فکر کو اجاگر کرنے والی اہم کتب اور اشاعتوں کی فراہمی ممکن ہوئی۔
منکوشی نے گفتگو کے اختتام پر کہا ہم دونوں فریقین کے درمیان سرکاری یادداشتِ مفاہمت پر دستخط کے لیے کام اور رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ثقافتی و مذہبی مفاہمت کو فروغ دیا جا سکے اور علمی و فکری تعاون کے نئے دروازے کھل سکیں۔
دوسری جانب وزارت خارجہ کے ثقافتی امور کے نمائندے جناب مقداد نوری نے بتایا کہ دونوں فریقین کے درمیان اعلیٰ سطح پر معیاری اقدامات کے بارے میں مفاہمت موجود ہے، اور ان اقدامات کی کامیابی کے لیے وزارت خارجہ اور ویٹیکن میں عراقی سفارت خانے کے تعاون سے کوششیں جاری ہیں، جن میں عتبہ حسینیہ مقدسہ اور ویٹیکن لائبریری کے درمیان یادداشتِ مفاہمت پر دستخط بھی شامل ہیں۔