کربلا انٹرنیشنل ایرپوٹ نے ثابت کر دیا ہے کہ عراقی محدود وسائل کے باوجود بہترین منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے قابل ہیں: کربلائی
کربلاء میں مرجع اعلی دام ظلہ الوارف کے نمائندہ اورحرم امام حسین علیہ السلام کے متولی شرعی جناب شیخ عبد المھدی کربلائی حفظہ اللہ نے کربلاء انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور کہا کہ کربلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا منصوبہ ایک خواب تھا جو اب حقیقت بن گیا ہے۔ مزید برآں انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود عراقیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ بہترین منصوبوں کو عملی جامہ پہنا سکتے ہیں ۔
متولی شرعی جناب شیخ عبد المھدی کربلائی حفظہ اللہ نے حرم امام حسین علیہ السلام کے ہیڈ آف ڈیپارمنٹ کے ساتھ کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور ایئرپورٹ پرکام کرنے والی کمپنی کے ذمہ داروں سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں انہوں نے اس پروجیکٹ کو ملک کے لئے باعث فخر قرار دیا ہے۔
کربلائی نے کام کی رفتار کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ، ہمت و حوصلہ سے اور اللہ کی ذات پر بروسہ کرتے ہوئے اس پروجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کی ضرورت پرزور دیا۔
کربلاء بین الاقوامی ایئر پورٹ کے انجینئر نے بتایا کہ اس ایئرپورٹ پر کام زور و شور سے جاری ہے اور انشااللہ معینہ مدت میں کام مکمل ہو جائے گا۔ اس وقت چار کلو میٹر طویل اور 75 میٹر عریض رن وے کا کام مکمل ہوچکا ہے ۔
تزئین و آرائش کے ساتھ رن وے کی لائٹنگ کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ایئرپورٹ کا تقریباً ایک تہائی حصہ مکمل ہو چکا ہے جس کا کل رقبہ 206,000 مربع میٹر ہے اور اس کے ساتھ بنیادی ڈھانچے کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے جبکہ کنڑول ٹاور کی تکمیل آخری مراحل میں ہے۔ اس میں مختلف آلات کی تنصیب اور شیشے کے گنبد کا کام باقی ہے۔
کربلاء بین الاقوامی ایئر پورٹ کے بننے سے دنیا بھر سے آنے والے زائرین کرام کو کربلاء معلی براہ راست جانے میں آسانی ہوگی خاص طور پر زیارت اربعین کے موقع پر۔
اس منصوبے سے ملک میں پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ میں مدد ملے گی اور ہزاروں ملازمتوں کے مواقع بھی فراہم ہونگے اور قومی آمدنی کے وسائل کے حصول میں بھی معاون ثابت ھوگا