حرم امام حسین علیہ السلام میں اس سال پرچم کشائی کی تقریب کے مقام کی تبدیلی زیر غور

2025-06-08 14:06

روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام کے جنرل سیکریٹریٹ نے اعلان کیا ہے کہ اس سال ماہ محرم الحرام کی پہلی تاریخ کو منعقد ہونے والی پرچم کشائی کی سالانہ تقریب کو صحن شریف سے باہر منتقل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس فیصلے کا مقصد صحن حسینی میں ہجوم کو کم کرنا ہے، تاکہ زائرین کو زیارت، عبادات اور دعا و مناجات کے لیے زیادہ سہولت اور اطمینان کا ماحول فراہم کیا جا سکے

روضہ حسینیہ کے سیکریٹری جنرل جناب حسن رشید جواد العبایجی نے اپنی ہفتہ وار پریس بیان میں کہا ہم گزشتہ بیس برسوں سے محرم کی پہلی شب کو گنبد امام حسین علیہ السلام پر علمِ سوگ بلند کرنے کی خصوصی اور روحانی تقریب منعقد کرتے چلے آ رہے ہیں۔ یہ تقریب عالمِ اسلام میں غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ دنیا بھر سے لاکھوں عاشقانِ امام حسین علیہ السلام اس شب کربلا میں جمع ہو کر اس عظیم مصیبت کے آغاز میں شریک ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ اس سال ممکنہ ہجوم اور زائرین کے آرام و سکون کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ تجویز دی گئی ہے کہ پرچم کشائی کی تقریب، بالخصوص روضہ حسینی کے متولی شرعی، جناب علامہ شیخ عبد المہدی کربلائی کے خطاب کے لیے مخصوص اسٹیج کو صحن شریف سے باہر منتقل کر دیا جائے۔

سیکریٹری جنرل نے یہ بھی کہا حسب روایت، اس سال بھی اس روحانی تقریب میں علما، دینی و سماجی شخصیات، عتبات عالیات کے نمائندگان اور دنیا بھر سے آنے والے زائرین شرکت کریں گے۔ اگر تقریب کو صحن کے باہر منعقد کیا گیا، تو اس سے صحن حسینی میں ہجوم میں نمایاں کمی واقع ہو گی اور تمام زائرین کو اس بابرکت موقع کو زیادہ روحانیت اور اطمینان کے ساتھ منانے کا موقع ملے گا۔

العودة إلى الأعلى