9000 ملکی و غیر ملکی مواکب کی رجسٹریشن مکمل
حرم حضرت امام حسین علیہ السلام اور حرم حضرت عباس علیہ السلام کے زیر نگرانی ادارہ، جو عراق اور دنیا بھر سے زائرین کی خدمت کرنے والے مواکب کو دیکھتا ہے ، انہوں نے بتایا کہ اس دفعہ اربعین حسینی کی مناسبت سے دنیا بھر سے اب تک نو ہزار سے زائد مواکب کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے، تاکہ پوری دنیا سے کربلا معلی کی زیارات کو آنے والے زائرین کی خدمت احسن انداز سے ہو سکے۔
ادارے کے سربراہ عقیل یاسری نے ایک انٹرویو میں کہا کہ عالمی وبا کرونا کے بعد اس سال اربعین امام حسین علیہ السلام کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔
ہم اس سلسلے میں 24 محرم سے ہی تیاریاں کر رہے ہیں اور آج کی تاریخ تک ملکی و غیر ملکی نو ہزار مواکب کی رجسٹریشن ہو چکی ہے۔
یہ مواکب اربعین کے موقع پر دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی خدمت کرینگے۔
اب تک رجسٹر ہونے والے مواکب میں 800 سے زائد غیر ملکی ہیں جبکہ باقی کا تعلق عراق کے تمام صوبوں سے ہے۔
انہوں نے کہا حرم امام حسین علیہ السلام اور حرم حضرت عباس علیہ السلام کی انتظامیہ نے ، صوبہ کربلا کی انتظامیہ سے مل کر روڈ کے کنارے خیمہ لگانے والوں کو خصوصی ہدایت نامہ دیا ہے تاکہ لوگوں کو پیدل چلنے میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔مزید برآں ایمر جنسی کی صورت حال میں چلنے والی گاڑیاں متاثر نہ ہوں۔
یاسری نے کہا کہ اس سال جلوسوں کی آمد کا سلسلہ تمام صوبوں سے صفر کے شروع میں ہی ہوگا لیکن 14 اور 15 صفر سے بصرہ ، کاظمین اور نجف اشرف سے بڑے جلوسوں کی آمد کربلا معلی میں ہو گی۔
یہ جلوس اسیران آل محمد علیھم السلام کے چہلم کو پہنچنے والے قافلے کی یاد کو تازہ کرتے ہیں۔
سب سے بڑا جلوس بصرہ سے شروع ہوتا ہے اور مختلف شہروں سے ہوتا ہوا کاظمیہ تک پہنچتا ہے اور پھر تمام زائرین ماتمی سنگتوں کے ساتھ چلتے ہوئے کربلا کی طرف جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس، فوج اور کچھ سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر سکیورٹی انتظامات کو مکمل کر لیا گیا ہے ۔ ان تمام زائرین کو میڈیکل سہولیات فراہم کرنے کے لئے محکمہ صحت اور حرم کے تعاون سے مختلف مقامات پر میڈیکل کیمپس لگائیں گے اور انشاء اللہ حفظان صحت کے اصولوں پر عمل ہوگا
امیر الموسوی
ابو علی