کربلاء میں آٹھویں بین الاقوامی کتاب میلے میں عتبات عالیہ سمیت 63 اشاعتی اداروں کی شرکت

2022-08-23 10:18

حرم امام حسین علیہ السلام کی جانب سے منعقدہ بین الاقوامی امام سجاد علیہ السلام کانفرنس کے ساتھ ساتھ بین الحرمین میں آٹھویں کتاب میلے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔  
نمائش کے مسئول محمد عبدالسلام نے انٹرنیشنل میڈیا سنٹر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امام سجاد علیہ السلام کے یوم  شہادت کی مناسبت سے منعقدہ کانفرنس کی فعالیتوں میں سے ایک فعالیت بک سٹال لگانا بھی ہے۔  
  آٹھویں انٹرنیشنل کتاب میلے کا حرم امام حسین علیہ السلام کی اعلی سطح کی انتظامیہ کی موجودگی میں، آج باقاعدہ افتتاح کردیا گیا ہے ۔
 اس نمائش میں ملکی و غیر ملکی 63 سے زائد اشاعتی اداروں نے شرکت کی ہے۔
غیر ملکی سٹالز میں ایران لبنان تیونس مراکش مصر اور کویت شامل ہیں۔
  یہ کتابی میلہ دس روز تک جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس نمائش میں اسلامی علوم کے علاوہ بقیہ علوم کے متعلقہ کتب بھی پیش کی گئی ہیں۔ اس لئے مذہبی علوم کے علاوہ جدید عصری علوم سے متعلقہ کتابیں، کتابی میلے کا حصہ ہیں۔  
مزید برآں اس نمائش میں جدید موضوعات پر تحریر کیے گئے تھیسیز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
 اس بک سٹال کی نمایاں بات یہ ہے کہ اس دفعہ بچوں کے لئے الگ سٹال لگایا گیا ہے۔
مصری بک سٹال کے مسئول جناب علی محمد نے  انٹرنیشنل میڈیا سنٹر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عراق میں یہ ہماری پہلی شرکت نہیں ہے بلکہ اس سے پہلے بھی  اربیل ،بصرہ ،سلیمانیہ اور بغداد میں ہونے والے نیشنل و انٹرنیشنل  کتابی میلے میں  شرکت کر چکے ہیں، لیکن کربلاء معلی میں یہ ہمارا پہلا موقع ہے  جو کہ ہمارے لئے باعث افتخار ہے ۔
ایرانی بک سٹال کے نمائندے حیدر قریشی نے کہا کہ ہمارا ادارہ اسلامی ثقافت اوراہل بیت علیہم السلام کے علوم کو فروغ دینے والی ایکٹویٹیز اور اس طرح کی بین الاقوامی نمائشوں میں اپنا سٹال لگاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے یہ شرف ہے کہ ہم ہر سال اس کتابی میلے میں شرکت کرتے ہیں۔  
 ہمارے سٹال میں امام سجاد علیہ السلام کی حیات مبارکہ پر کتابوں کے علاوہ، اور مختلف اسلامی اور انسانی علوم کے 450 سے زائد موضوعات پر مختلف زبانوں میں لکھی جانے والی کتب موجود ہیں ۔

عباس نجم

ابو علی

منسلکات

العودة إلى الأعلى