جامع مسجد لکھنؤ میں ایران سمیت ہندوستان کے درجنوں قاریان قرآن پاک کا روح پرور اجتماع

2022-04-21 14:31

ماہ مبارک رمضان میں فرزندان توحید یوں تو پوری دنیا میں ہی قرآن کریم سے اپنی انسیت کا مظاہرہ کرتے ہیں لیکن گذشتہ شب شہر لکھنؤ کی شاہی جامع مسجد میں قرائت قرآن کریم نے ایسا روحانی ماحول قائم کیا جو تا دیر یاد رکھا جائے گا۔جس میں کثیر تعداد میں شیعہ سنی مکاتب فکر کے ممتاز قاریان قرآن مجید نے فن قرائت کا مظاہرہ کیا۔اپنی نوعیت کی اس پہلی تاریخی منفرد قرآنی بزم میں اسلامی جمہوریہ ایران سے تشریف لائے قاری قرآن جناب علی دوست محمدی نے اپنی دل آویز قرائت سے جامع مسجد کی فضا کو منور و معطر کر دیا۔

بین الاقوامی میڈیا سنٹر  کے مطابق اس بزم قرآنی کا آغاز ننھے قاری روح اللہ رضوی نے سورہ حمد کی تلاوت کے ذریعہ کیا ۔

ناظم بزم مولانا سید حیدر عباس رضوی نے وقتا فوقتا آیات و روایات اور اشعار کے ذریعہ حاضرین و ناظرین کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی۔ناظم محترم نے بیان کیا کہ قلب پیغمبر پر نازل ہونے والی کتاب آج صدیاں گزر جانے کے بعد بھی اپنے اصلی خد و خال کے ساتھ احکامات الہیہ کو اپنے دامن میں لئے شمع ہدایت بنی ہوئی ہے۔اور قیامت تک اسی آب و تاب کے ساتھ باقی رہے گی۔

اس قرآنی بزم میں قاری عبد الرحمن(مدرسہ محمدیہ اسلامیہ،لکھنؤ) قاری یحیی (امام مسجد خواص،مولوی گنج لکھنؤ) نے سورہ بقرہ کی ان آیات کی تلاوت کی ۔جن کے بعد متعدد قومی و بین الاقوامی سطح پر قرائت قرآن مجید کے پروگرامز میں شریک ہونے والے ممتاز و نامور قاری جناب محمد بدر الدجی فرقانی کی تلاوت سے جامع مسجد کی فضائوں میں قرآنی رس گھول دیا تھا۔

اس کے بعد مہمان قاری ایران اسلامی سے تشریف لائے قاری قرآن محترم رسول دوست محمدی نے سورہ نبا کی آیات کی تلاوت کے بعد موصوف کے ذریعہ سورہ شمس و قدر کی تلاوت نے ثابت کر دیا کہ قرآن مجید کی تلاوت صاحبان ایمان کے دلوں کو جلا بخشتی ہے۔

تقریبا دو گھنٹے پر مشتمل یہ بزم قرآنی ملک میں امان اور ظہور امام زمان کی دعا پر ختم ہوا۔ ۔

منسلکات

العودة إلى الأعلى