حرم امام حسین ع کی جانب سے بابل میں مستحق خاندانوں کے لیے ہاؤسنگ سوسائٹی کا آغاز

2026-11-09 13:02

بابل: حرم امام حسین ع نے مستحق اور غریب خاندانوں کو رہائش فراہم کرنے کے لیے صوبہ بابل میں 396 رہائشی مکانات پر مشتمل مجمع عطاء الوارث السکنی کے نام سے ہاؤسنگ سوسائٹی کی تعمیر کا آغاز کر دیا ہے

حرم امام حسین علیہ السلام کے شعبۂ انجینئرنگ و فنی منصوبہ جات کے سربراہ انجینئر زید عزام نے بتایا کہ یہ منصوبہ 60 دونم، یعنی تقریباً ڈیڑھ لاکھ مربع میٹر رقبے پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یہ رہائشی سوسائٹی صوبہ بابل، نجف اشرف اور کربلائے مقدسہ کو ملانے والی ایک اہم شاہراہ کے قریب واقع ہے

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے لیے مختص زمین پہلے کچرا پھینکنے کے مقام کے طور پر استعمال ہوتی تھی، جسے حرم امام حسین علیہ السلام نے اپنی ملکیت میں لینے کے بعد منصوبے کی تعمیر کے لیے تمام ضروری قانونی منظوری حاصل کی

انجینئر زید عزام نے مزید بتایا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں 150 رہائشی مکانات تعمیر کیے جائیں گے، جن کے لیے زمین کی تیاری، ہموار کرنے اور مٹی کی بھرائی سمیت ابتدائی تعمیراتی کام شروع کر دیے گئے ہیں۔ کام تیزی سے جاری ہے اور منصوبے کی تکمیل پر یہاں مجموعی طور پر 396 مکانات تعمیر کیے جائیں گے

ان کے مطابق منصوبے کے نقشے شعبۂ خصوصی ڈیزائن نے تیار کیے ہیں، جنہیں حرم امام حسین علیہ السلام کے متولی شرعی شیخ عبدالمہدی کربلائی کی منظوری حاصل ہے

منصوبے کے تحت 58 مکانات 150 مربع میٹر جبکہ 338 مکانات 120 مربع میٹر رقبے پر تعمیر کیے جائیں گے۔ مکانات کی تقسیم خاندان کے افراد کی تعداد اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے گی

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ منصوبہ صرف رہائشی مکانات کی تعمیر تک محدود نہیں، بلکہ اس میں طبی مرکز، اسکول، مسجد، سرسبز تفریحی مقامات، تجارتی مراکز اور شہری دفاع کا مرکز بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مستقبل میں سوسائٹی کے قریب ایک تعلیمی کمپلیکس بھی تعمیر کیا جائے گا، تاکہ مستحق خاندانوں کو رہائش کے ساتھ تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات بھی فراہم کی جا سکیں

منسلکات

العودة إلى الأعلى