حرم حضرت عباسؑ کے زیر اہتمام گیارہویں سالانہ کانووکیشن، 6450 طالبات کی شرکت
کربلا: حرم حضرت عباسؑ کے زیر اہتمام عراقی جامعات اور بعض اسلامی ممالک کی فارغ التحصیل طالبات کے لیے گیارہویں سالانہ مرکزی تقریبِ کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان سمیت مختلف اسلامی ممالک کی طالبات نے شرکت کی۔ تقریب میں مجموعی طور پر 6450 طالبات شریک ہوئیں یہ تقریب نورِ فاطمہؑ سے ہم دنیا کو روشن کرتے ہیں کے عنوان کے تحت منعقد ہوئی
حرم حضرت عباسؑ کی مجلسِ انتظامیہ کے رکن ڈاکٹر عباس الددہ الموسوی نے کہا کہ اس تقریب کے انعقاد کا مقصد علم اور تعلیمی اداروں کے مقام و مرتبے کے شایانِ شان ایک مثبت اور تعمیری نمونہ پیش کرنا ہے، جو عراقی طلبہ کی علمی میراث، ثقافت اور اصیل اقدار کی عکاسی کرے
اس کے ساتھ قومی شناخت کو مضبوط بنانا اور جغرافیائی فاصلے ختم کرکے فارغ التحصیل طالبات کو ایک مشترکہ شناخت کے تحت متحد کرنا بھی اس تقریب کے اہم مقاصد میں شامل ہے
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تقریب حضرت ابوالفضل العباسؑ کے زیرِ سایہ سرحدوں سے ماورا ایک روحانی اجتماع کی حیثیت رکھتی ہے، جو اسلامی اقدار سے ہم آہنگ ایک باوقار تقریبِ تقسیمِ اسناد کا مثالی نمونہ ہے۔ اس کے علاوہ یہ عراقی جامعات کی طالبات اور دیگر اسلامی ممالک کی طالبات کے درمیان ثقافتی اور علمی روابط کو فروغ دینے کا ذریعہ بھی ہے
ڈاکٹر عباس الددہ الموسوی نے کہا کہ اس تقریب کے ذریعے دنیا کو یہ پیغام دینا مقصود ہے کہ علم اور اعلیٰ انسانی اقدار کے درمیان ہم آہنگی ممکن ہے
اس کے ساتھ فارغ التحصیل طالبات کی محنت کو سراہنا، علم و علما کی قدر و منزلت اجاگر کرنا، دیگر طالبات کی حوصلہ افزائی کرنا اور معاشرے کی تعمیر میں خواتین کے مقام و کردار کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی سرپرستی اور حمایت کرنا بھی اس پروگرام کے بنیادی اہداف ہیں
واضح رہے کہ بناتِ کفیل کی تقریب حرم حضرت عباسؑ کے سالانہ پروگراموں میں شامل ہے، جس کا مقصد جامعات سے فارغ التحصیل طالبات کی علمی کامیابیوں کو سراہنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ اس کی گیارہویں تقریب میں عراقی جامعات اور بعض اسلامی ممالک کی 6450 طالبات نے شرکت کی، جو اپنی تعلیمی کامیابیوں کے بعد عملی زندگی کے ایک نئے سفر کا آغاز کر رہی ہیں



