نجف ،کربلا شاہراہ پر فیملی پارک کا افتتاح، سرسبز ماحول کے فروغ کی جانب اہم قدم
حرم حضرت عباس علیہ السلام نے نجف و کربلا شاہراہ پر پول نمبر 1040 کے مقام پر خاندانوں کے لیے جدید تفریحی مقام فیملی پارک القصب کا افتتاح کیا ہے
اس منصوبے کا مقصد خاندانوں کو تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ شجرکاری، سرسبز مقامات میں اضافے اور صحرائی پھیلاؤ کی روک تھام کے ذریعے ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینا ہے
کربلا ٹوڈے نیوز ایجنسی کے مطابق، حرم حضرت عباس علیہ السلام کے مجلسِ انتظامیہ کے رکن ڈاکٹر عباس الموسوی نے کہا کہ حرم ہمیشہ انسانی خدمت کے نئے مواقع تلاش کرتا ہے۔ اس تفریحی مقام کے قیام کا مقصد خاندانوں کے لیے ایسا پُرسکون اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے، جہاں وہ روزمرہ کی مصروفیات، کام کے دباؤ اور تھکاوٹ کے بعد قدرتی ماحول میں کچھ وقت گزار سکیں
انہوں نے مزید کہا کہ یہ مقام عراقی خاندانوں کو قدرتی حسن اور سکون سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرے گا، جہاں مختلف عمر کے افراد کے لیے متنوع تفریحی سہولیات بھی دستیاب ہیں
ڈاکٹر عباس الموسوی کے مطابق، اس تفریحی گاہ میں 14 فوارے تعمیر کیے گئے ہیں، جن میں بعض کی بلندی 30 میٹر تک ہے، جبکہ خاندانوں کے بیٹھنے کے لیے 200 سے زائد مخصوص نشستوں کا انتظام کیا گیا ہے
اس کے علاوہ گھڑ سواری کے لیے میدان، مسجد، ریستوران، مختلف دکانیں، مچھلیوں کے شکار کے لیے ایک بڑی مصنوعی جھیل اور باربی کیو کے لیے مخصوص مقامات بھی قائم کیے گئے ہیں
تفریحی مقام میں پرندوں کا باغ، بچوں کے لیے دو کھیل کے میدان، تفریحی ٹرین، اسکوٹرز، برقی گاڑیاں، سائیکلیں اور خاندانوں کے لیے آبی کشتیاں بھی فراہم کی گئی ہیں
یہ منصوبہ نہ صرف زائرین اور عراقی خاندانوں کے لیے ایک نئی تفریحی سہولت ثابت ہوگا بلکہ شجرکاری اور سرسبز ماحول کے فروغ کے ذریعے ماحولیاتی تحفظ اور صحرائی پھیلاؤ کی روک تھام میں بھی اہم کردار ادا کرے گا


