وارث کینسر ہسپتال میں پانچ سال کے دوران 13 ہزار 500 سے زائد بچوں کا علاج

2026-11-03 09:20

کربلا: حرم امام حسینؑ کے زیرِ انتظام وارث کینسر فاؤنڈیشن نے اپنے قیام کے پانچ سال مکمل کر لیے ہیں۔ اس عرصے کے دوران فاؤنڈیشن کے تین طبی مراکز میں کینسر کے مرض میں مبتلا 13 ہزار 500 سے زائد بچوں کو مفت طبی و علاجی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں

کربلا انٹرنیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق، وارث کینسر فاؤنڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر حیدر حمزہ العابدی نے بتایا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران عراق کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے بچوں نے فاؤنڈیشن کے تین مراکز، وارث انٹرنیشنل کینسر ٹریٹمنٹ سینٹر، امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام ہسپتال اور الثقلین کینسر ہسپتال سے علاج کی سہولیات حاصل کی ہیں

انہوں نے بتایا کہ تینوں مراکز کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 13 ہزار 521 بچے علاج سے مستفید ہو چکے ہیں۔ ان میں سے 7 ہزار 888 بچوں کا علاج وارث مرکز، 4 ہزار 577 کا امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام ہسپتال اور ایک ہزار 156 بچوں کا علاج الثقلین ہسپتال میں کیا گیا

ڈاکٹر حیدر حمزہ کے مطابق، علاج سے مستفید ہونے والے بچوں کی تعداد کے لحاظ سے بغداد اور کربلا سرفہرست رہے، جہاں مجموعی مریضوں میں سے 43.9 فیصد کا تعلق ان دونوں صوبوں سے تھا

تفصیلات کے مطابق بغداد سے 3 ہزار 300، کربلا سے 2 ہزار 633، بابل سے ایک ہزار 491 اور بصرہ سے ایک ہزار 438 بچے علاج کے لیے ان مراکز میں لائے گئے، جبکہ عراق کے دیگر صوبوں کے علاوہ بیرونِ ملک سے بھی 17 بچوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں

انہوں نے مزید بتایا کہ فاؤنڈیشن کینسر میں مبتلا بچوں کو تشخیص، علاج اور جراحی آپریشنز سمیت تمام طبی سہولیات مکمل طور پر مفت فراہم کرتی ہے۔ بعض بچوں کے علاج کا دورانیہ ایک یا دو سال بلکہ اس سے بھی زیادہ ہوتا ہے، جس میں ابتدائی تشخیص سے لے کر پیچیدہ جراحی مراحل تک تمام ضروری خدمات شامل ہیں

وارث کینسر فاؤنڈیشن کی پانچ سالہ خدمات اس بات کا ثبوت ہیں کہ حرم امام حسینؑ نہ صرف دینی و روحانی خدمات بلکہ انسانیت کی خدمت اور دکھی انسانیت کو معیاری طبی سہولیات کی مفت فراہمی کے میدان میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہا ہے

العودة إلى الأعلى