اسلام آباد میں "اسلامی تہذیب اور مغربی استعمار: مزاحمتی جہات کا مطالعہ " کے موضوع پر کانفرنس کا انعقاد
جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ اسلام آباد کمپس کے شعبۂ تحقیق کے زیرِ اہتمام "اسلامی تہذیب اور مغربی استعمار: مزاحمتی جہات کا مطالعہ"کے عنوان سے ایک علمی و فکری کانفرنس جامعۃ الکوثر میں منعقد ہوئی.
جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ اسلام آباد کمپس کے شعبۂ تحقیق کے زیرِ اہتمام "اسلامی تہذیب اور مغربی استعمار: مزاحمتی جہات کا مطالعہ"کے عنوان سے ایک علمی و فکری کانفرنس جامعۃ الکوثر میں منعقد ہوئی، جس میں علماء کرام، محققین، دانشوروں اور مختلف علمی و سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
کانفرنس میں پیش کیے گئے تحقیقی مقالات میں اسلامی تہذیب کے فکری و تمدنی پہلوؤں، مغربی استعمار کے نظریاتی اثرات، اور نوآبادیاتی نظام کے خلاف فکری مزاحمت جیسے موضوعات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ مقررین نے کہا کہ اسلامی تہذیب ہمیشہ علم، عدل، انسان دوستی اور اخلاقی اقدار کی بنیاد پر قائم رہی ہے، جب کہ مغربی استعمار نے دنیا بھر میں اپنے سیاسی و معاشی مفادات کے حصول کے لیے ظلم، جبر اور استحصال کو فروغ دیا۔
محققین نے اس امر پر زور دیا کہ امتِ مسلمہ کو درپیش فکری و تہذیبی چیلنجز کا مقابلہ صرف تحقیق، شعورِ بیداری اور فکری خودمختاری کے ذریعے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم نوجوانوں کو اپنی تہذیبی شناخت اور فکری ورثے پر فخر کرنا چاہیے، تاکہ وہ مغربی فکری غلبے کے مقابلے میں مثبت اور علمی مزاحمت کر سکیں۔
تحقیقی مقالے پیش کرنے والوں میں سیکرٹری خارجہ جناب شمشاد احمد خان، پروفیسر ڈاکٹر قندیل عباس، ڈاکٹر رازق حسین (اسسٹنٹ پروفیسر، مسلم یوتھ یونیورسٹی)، ڈاکٹر محمد عاصم (سربراہ، شعبۂ بین الاقوامی تعلقات، گولڈن کالج)، اور پروفیسر ڈاکٹر بریگیڈیئر محمد خان (سابق سربراہِ شعبہ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی) شامل تھے۔ کانفرنس سےے علامہ ساجد علی نقوی (حفظہ اللہ) نے بھی شرکت کی ۔