ترکی سے مختلف مسالک پر مشتمل وفد کی کربلاء آمد
حرم امام حسین علیہ السلام کے زیر اہتمام استنبول میں قائم مرکز امام حسین علیہ السلام نے ترکی کے مختلف مسالک پر مشتمل ایک وفد کی کربلاء مقدسہ میں میزبانی کی جس کا مقصد اہل بیت علیہم السلام سے محبت اور وفاداری کے جذبے کو مضبوط بنانا تھا
دورے کے دوران وفد نے روضہ حسینی کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقات کی، جہاں امت مسلمہ کی شناخت کے تحفظ اور ایمان و محبت کی اقدار کے فروغ میں اہل بیت علیہم السلام کے مرکزی کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی
ترک وفد کے سربراہ محمد صدیق جیلانی، جو وقف جیلانی ترکی کے رئیس ہیں، نے کربلاء ٹوڈے نیوز ایجنسی سے گفتگو میں کہا کہ ہمیں نجف اشرف اور کربلاء مقدسہ میں موجود مقدس روضوں کی زیارت کا شرف حاصل ہوا
یہ زیارت مرکز امام حسین استنبول کے تعاون سے ممکن ہوئی۔ ہماری یہ حاضری اہل بیت سے محبت اور یکجہتی کے اظہار کا عملی ثبوت ہے، اور یہ محبت ہمارے دلوں میں گہری جڑی ہوئی ہے، الحمدللہ
انہوں نے مزید کہا کہ رسول اکرم ص اور ہمارے نیک اسلاف و علما نے ہمیشہ اہل بیت سے محبت کا اظہار کیا۔ جیسا کہ مفسر رازی نے اپنی تفسیر میں ذکر کیا ہے کہ صرف قلبی محبت کافی نہیں بلکہ ضروری ہے کہ ہم اہل بیت کی مدد و حمایت کریں اور ان کے ستم گاروں سے دوری اختیار کریں، یہی امت مسلمہ کا حقیقی شعار ہے
انہوں نے کہا کہ ہم تمام مسلمان ایک ہی قبلے کی طرف رخ کرتے ہیں اور اہل بیت اور ان کی اولاد سے محبت ہم سب پر فرض ہے۔ وہ نبی کریم ص کے حقیقی وارث ہیں۔ جس طرح علما انبیاء کے وارث ہوتے ہیں اسی طرح آل نبی اتباع اور محبت کے سب سے زیادہ مستحق ہیں
انہوں نے وضاحت کی کہ آج ہم امام حسین علیہ السلام کی بارگاہ میں حاضر ہیں جو جوانان جنت کے سردار ہیں۔ ہم ان کی زیارت کے لیے آئے ہیں، ان کی سیرت سے سبق لینے اور ان کے مصائب و شہادت کو یاد کرنے کے لیے۔ ہم اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ ہمیں امام حسین، ان کے ساتھیوں اور تمام محبین کے ساتھ محشور فرمائے
مزید برآں، وفد میں شامل مرد و خواتین نے کربلاء میں موجود تمام مقدس مقامات کی زیارت کی۔ وفد نے روضہ حسینی کے نائب سیکرٹری جنرل جناب سید محمد بحرالعلوم سے ملاقات کی، جس میں امت مسلمہ میں اہل بیت کے کردار پر گفتگو ہوئی۔ وفد نے روضہ مقدس کے خدام اور اہل بیت کے محبین کی خدمات پر تشکر اور تحسین کا اظہار کیا اور کہا کہ اہل بیت سے محبت تمام مسلمانوں کے درمیان ایک مشترکہ رشتہ ہے



