پہلی بار حرم امام حسینؑ میں اردو ترجمہ کے ساتھ زیارت کی کتب کی فراہمی

2025-08-20 10:00

روضۂ امام حسین علیہ السلام کے شعبہ اطلاعات سے وابستہ بین الاقوامی میڈیا سنٹر کی جانب سے دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی سہولت کے لیے مختلف زبانوں میں ترجمہ شدہ زیارت نامے اور دعاؤں کی کتب باضابطہ طور پر حرم امام حسینؑ میں فراہم کر دی گئی ہیں، تاکہ زائرین اپنی زبان میں تراجم پڑھتے ہوئے اپنے جذبات کا بہتر انداز میں اظہار کر سکیں جس کا مقصد دنیا کے مختلف ممالک سے آنے والے زائرین کو ان کی اپنی زبان میں مذہبی و ثقافتی مواد فراہم کرنا ہے

بین الاقوامی میڈیا سنٹر کے انچارج  استاد حیدر المنکوشی نے بتایا کہ متولیِ شرعی کی اجازت سے حرم کے اندر کئی زبانوں میں ترجمہ شدہ زیارت کی کتب رکھی گئی ہیں۔ ان زبانوں میں اردو، انگریزی، فرانسیسی اور ترکی شامل ہیں۔ ان کتابوں میں ائمہ اطہارؑ کی زیارات، امام حسینؑ کی مختلف مناسبتوں کی زیارتیں، مشہور دعائیں جیسے دعائے کمیل، دعائے توسل اور زیارت آل یاسین، نیز حضرت ابو الفضل العباسؑ کی زیارت بھی شامل ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ اقدام مقدس مقامات کی سطح پر اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے، جس کا مقصد یہ ہے کہ غیر ملکی زائرین تک علمی و دینی مواد آسانی سے اور ان کی اپنی زبان میں پہنچ سکے۔ خاص طور پر اس لیے بھی کہ بہت سے زائرین صحن حسینی میں طویل وقت گزارتے ہیں، لیکن عربی زبان نہ جاننے کی وجہ سے انہیں زیارت کے آداب اور تفصیلات تک رسائی نہیں ہوتی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کارِ خیر کا مقصد زائرین کو ائمہ معصومینؑ کی سیرت، زیارت کے آداب اور مستند دعاؤں و زیارات تک اپنی زبان میں رسائی فراہم کرنا ہے، تاکہ ان کی زیارت صرف رسومات تک محدود نہ رہے بلکہ فکری اور روحانی طور پر بھی زیادہ گہری اور بامعنی ہو۔

بین الاقوامی میڈیا سنٹر کے سربراہ نے آئندہ کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مستقبل قریب میں تمام چودہ معصومینؑ کی زیارات اور ان کی سیرت پر مشتمل کتب مختلف زبانوں میں ترجمہ کے ساتھ شائع کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ غیر ملکی زبانوں میں مزید معیاری مطبوعات بھی شائع کی جائیں گی۔ جیسا کہ اس سے قبل عراق کے مزارات کی جامع گائیڈ اور کربلاء کی جامع گائیڈ عربی اور انگریزی میں شائع ہو چکی ہیں، اب ان کا اردو ترجمہ بھی شائع کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ تمام کاوشیں دنیا بھر سے آنے والے مختلف قومیتوں اور مذاہب کے زائرین کی خدمت کے جذبے کے تحت ہیں، جو میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے امام حسینؑ کی بارگاہ میں نذرانۂ عقیدت کے طور پر پیش کی جاتی ہیں، تاکہ عراق اور روضۂ امام حسینؑ کی جانب سے کی جانے والی خدمات اور مثبت پیغام دنیا کے سامنے اجاگر ہو

منسلکات

العودة إلى الأعلى