کربلا سنٹر نے نویں بین الاقوامی زیارتِ اربعین علمی کانفرنس کا اعلان کر دیا
روضۂ امام حسین علیہ السلام کے زیر اہتمام کربلا کے مطالعاتی و تحقیقی مرکز نے زیارتِ اربعین کی مناسبت سے نویں بین الاقوامی علمی کانفرنس کے لیے خصوصی شیڈول جاری کر دیا ہے
یہ کانفرنس: زیارتِ اربعین روحانی اقدار اور سائنسی ترقی کا مظہر کے عنوان سے 23 تا 24 صفر الخیر 1447ھ، بمطابق 18 تا 19 اگست 2025ء کو کربلا میں منعقد ہوگی
شیڈول کے مطابق، اس کانفرنس میں عراق اور بیرونِ ملک سے نامور محققین اور دانشور شرکت کریں گے
سرگرمیوں کا آغاز افتتاحی اجلاس سے ہوگا، جس کے بعد مدینۃ سید الاوصیاء میں اربعین فائن آرٹ ایگزیبیشن کا افتتاح کیا جائے گا، جہاں فنی تخلیقات کو زیارتِ مبارکہ کی روح کے ساتھ ہم آہنگ کر کے پیش کیا جائے گا
پروگرام کے تحت پہلے دن شام کو تحقیقی نشستیں ہوں گی، جب کہ دوسرے دن صبح کے وقت مخصوص ہالز میں مزید سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔ ان نشستوں میں زیارتِ اربعین کے روحانی، سماجی اور علمی پہلوؤں پر گفتگو کی جائے گی۔ اختتامی تقریب میں کانفرنس کی سفارشات اور علمی نتائج کا خلاصہ پیش کیا جائے گا
کانفرنس کے منتظمین کے مطابق، اس کا مقصد زیارتِ اربعین کے انسانی اور تہذیبی پہلوؤں کو اجاگر کرنا ہے، نیز محققین اور فنکاروں کے درمیان مکالمہ اور تبادلۂ خیالات کے لیے ایک جامع علمی و فنی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے



