کربلا کانفرنس : بدعنوانی کا خاتمہ دینی و اخلاقی فریضہ ہے محمد الحسان
اقوامِ متحدہ کے عراق مشن کے سربراہ محمد الحسان نے کربلا میں شروع ہونے والی چھٹی بین الاقوامی علمی کانفرنس الاسلام حیات کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خلاف جدوجہد ایک دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، کیونکہ فاسد معاشرے کبھی قائم نہیں رہ سکتے
انہوں نے بتایا کہ عراق میں اقوامِ متحدہ کا مشن گزشتہ کئی برسوں سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے سرگرم عمل ہے
ان کے مطابق گزشتہ برسوں کے دوران احتسابی اداروں کی صلاحیتوں میں اضافہ، شفافیت کو فروغ دینے اور میرٹ کو مضبوط کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ایسے نظام اور ڈھانچے وضع کیے گئے ہیں جو اگر مؤثر طور پر نافذ ہو جائیں تو ایک آزاد، شفاف اور بدعنوانی سے پاک عدلیہ قائم ہو سکتی ہے
محمد الحسان نے زور دیا کہ میرٹ کے معیار کو بلند کرنا، عدلیہ کی آزادی و شفافیت کو یقینی بنانا اور بدعنوان عناصر کا بلا امتیاز احتساب وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا میں اس وطن کی بھلائی کے لیے سب کو نصیحت کرتا ہوں کہ دیانت داری اور ذمہ داری کو اپنائیں تاکہ ملک کے مستقبل کی حفاظت ہو سکے
انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ ہمیں ہر اس ملک پر افسوس ہوتا ہے، بالخصوص عراق جیسے عزیز ملک پر، جہاں بدعنوانی پھیلتی ہے۔ ان کے مطابق بدعنوانی صرف سیاست تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک وسیع تصور ہے، جس میں اخلاقی، مالی، انتظامی اور عدالتی بدعنوانی سب شامل ہیں
یاد رہے کہ چھٹی بین الاقوامی علمی کانفرنس الاسلام حیات، وارث الانبیاءؑ یونیورسٹی کی فیکلٹی آف اسلامک اسٹڈیز کے زیر اہتمام اور حرمِ امام حسینؑ کی امانتِ عامہ کی سرپرستی میں منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس کا عنوان تھا: بدعنوانی کے خلاف جدوجہد: مواقع اور چیلنجز



