مسقط انٹرنیشنل بک فیئر 2025 میں روضہ امام حسین علیہ السلام کے پویلین کا شاندار افتتاح

2025-04-26 07:05

روضہ امام حسین علیہ السلام کے شعبۂ اطلاعات نے مسقط انٹرنیشنل بک فیئر 2025 میں اپنے خصوصی پویلین کا افتتاح کر دیا ہے۔ یہ بین الاقوامی کتب میلہ 3 مئی تک عمان کے کنونشن و ایگزیبیشن سینٹر میں جاری رہے گا، جس میں 35 ممالک کے 674 سے زائد اشاعتی ادارے شریک ہیں۔ میلے میں علمی و ادبی سیمینارز اور پینل مباحثے بھی منعقد کیے جائیں گے

نمائش کے نگران اور روضہ حسینی کے نمائندے علی ماميثہ نے "کربلا ٹوڈے" سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مسقط بک فیئر میں روضہ امام حسین علیہ السلام کی شرکت نہایت نمایاں اور مؤثر ہے، کیونکہ ہمارے اسٹال پر مختلف موضوعات پر مشتمل کتب موجود ہیں، جو فکری، ثقافتی، اخلاقی اور علمی میدانوں کا احاطہ کرتی ہیں۔ اس میلے کے ذریعے ہمیں دیگر اقوام و تہذیبوں کے قریب آنے اور بین الاقوامی ثقافتی منظرنامے کا مشاہدہ کرنے کا نادر موقع میسر آتا ہے

انہوں نے مزید کہا یہ ایونٹ کتاب و اشاعت کی صنعت سے وابستہ اداروں کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، جہاں روضہ حسینی کے پبلشرز کو دنیا بھر کے اشاعتی اداروں کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کا موقع ملتا ہے، جو علمی تعاون کو فروغ دیتا ہے۔

علی ماميثہ کے مطابق، روضہ امام حسین علیہ السلام اس میلے میں اپنے مختلف شعبہ جات کی جانب سے شائع کردہ 450 سے زائد عنوانات کے ساتھ شرکت کر رہا ہے، جو فکری، ثقافتی، دینی اور اخلاقی موضوعات پر مبنی ہیں

انہوں نے اس امر کی جانب بھی توجہ دلائی کہ مرجعیتِ اعلیٰ کے نمائندے اور روضہ حسینی کے شرعی متولی، شیخ عبد المہدی کربلائی، بین الاقوامی و مقامی کتب میلوں اور ثقافتی سرگرمیوں میں روضہ کی شرکت کو نہایت اہمیت دیتے ہیں۔ ان کے نزدیک ایسی تقریبات بین المذاہب ہم آہنگی، فکری تبادلۂ خیال اور مطالعے کے فروغ کے لیے نہایت مؤثر ہیں۔

قابلِ ذکر ہے کہ روضہ امام حسین علیہ السلام کا میڈیا ڈیپارٹمنٹ عراق اور بیرونِ ملک بین الاقوامی ثقافتی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کا عزم رکھتا ہے، تاکہ روضہ کی فکری و علمی خدمات اور ثقافتی ورثے کو دنیا بھر میں مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔

منسلکات

العودة إلى الأعلى