پاکستان:ایام فاطمیہ کے احیاء کے لئے جامعہ الکوثر میں مجالس عزاء کا انعقاد کیا گیا
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں واقع جامعہ الکوثر میں ایام فاطمیہ کی مناسبت سے پانچ روزہ مجالس عزاء کا انعقاد کیا گیا، جس میں کثیر تعداد میں مومنین نے شرکت کی۔
یہ مجالس ہر سال کی طرح موسسہ الامام الخوئی جامعہ الکوثر میں منعقد کی گئیں۔ اس سال بھی حضرت فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیھا کی شہادت کی مناسبت سے یہ مجالس بڑی عقیدت و احترام سے سجائیں گئیں، جس میں وکیل مرجع دینی اعلیٰ علامہ انور علی نجفی نے خصوصی خطاب کیا۔
علامہ انور علی نجفی نے اپنی تقریر میں حضرت فاطمہ الزہراء (سلام اللہ علیہا) کی سیرت طیبہ، آپ کی فضائل و مرتبہ، اور اسلام کی بقاء کے لیے آپ کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے حضرت فاطمہ کے مختصر مگر پُراثر حیات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنی زندگی کے مختصر ترین ایام میں اسلام کے لیے نہ صرف ایک روشن راستہ دکھایا بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط نظریہ فراہم کیا۔
علامہ نجفی نے اس موقع پر جدید نسل کو حضرت فاطمہ س کی بے مثال جرات و بہادری اور بلند نظریات سے رہنمائی حاصل کرنے کی تاکید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جناب سیدہ س کے فلسفہ و کردار کی پیروی کرنے سے ہم اپنے معاشرتی و دینی مسائل کا حل تلاش کر سکتے ہیں۔
اس پانچ روزہ مجالس عزاء کے دوران، علم و معرفت کا تبادلہ ہوا اور حضرت فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیھا کی یاد میں مختلف عبادات، عزاداری کے پروگرامز اور دروس کا اہتمام کیا گیا، جس نے تمام شرکاء کو اپنی روحانیت میں اضافے اور دین اسلام کی سچی تعلیمات سے آشنا ہونے کا موقع فراہم کیا
ابو علی