کربلا میں لڑکیوں کے لیے جدید پیشہ ورانہ ہائی سکول کا افتتاح تعلیم اور ٹیکنالوجی کا سنگم

2024-10-02 10:13

کربلا مقدسہ میں عتبہ حسینیہ کی تکنیکی تعلیمی اتھارٹی جلد ہی لڑکیوں کے لیے ایک جدید پیشہ ورانہ ہائی سکول "اعدادیہ الثقلین"، کا افتتاح کرنے جا رہی ہے۔

یہ ادارہ جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کی فراہمی میں اپنی مثال آپ ہوگا، جس کا مقصد طالبات کو صنعتی اور تکنیکی میدانوں میں مہارتیں فراہم کرنا ہے۔

سکول کی ڈائریکٹر، انجینئر آیات ناصر حسین نے میڈیا کو بتایا کہ تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، اور اعدادیہ الثقلین رواں سال 2024-2025 کے تعلیمی سیشن سے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سکول میں دو اہم شعبے ہوں گے۔

پہلا صنعتی شعبہ جو طبی آلات اور الیکٹرونکس و کنٹرول جیسے مضامین پر مشتمل ہوگا اور دوسرا کمپیوٹر شعبہ جس میں موبائل اور لیپ ٹاپ آلات اور کمپیوٹر نیٹ ورکس کے کورسز شامل ہوں گے۔

آیات ناصر حسین نے مزید وضاحت کی کہ یہ ادارہ جدید ترین تعلیمی اور تکنیکی معیارات کے مطابق تعلیم فراہم کرنے کی غرض سے قائم کیا گیا ہے تاکہ طالبات کو تکنیکی اور صنعتی شعبوں میں ممتاز مقام دلایا جا سکے۔ ہم چاہتے ہیں کہ اعدادیہ الثقلین عراق میں اپنی نوعیت کا پہلا ادارہ بنے جو لڑکیوں کو عملی میدان میں کامیابی کے لیے تیار کرے۔

سکول میں طالبات کے لیے جدید ترین تعلیمی سہولیات مہیا کی جائیں گی، جن میں ایک الیکٹرانک تعلیمی پلیٹ فارم شامل ہوگا جس کے ذریعے علمی اور عملی مواد کو آن لائن اپلوڈ کیا جائے گا اور طالبات براہ راست اپنے اساتذہ سے رابطہ کر سکیں گی۔

علاوہ ازیں ایک جدید الیکٹرانک رجسٹریشن سسٹم بھی ہوگا جس سے طالبات اور عملے کا ڈیٹا محفوظ رکھا جائے گا۔ طالبات کی آمد و رفت کے اوقات اور دیگر تفصیلات والدین کو بروقت فراہم کی جائیں گی۔

مزید برآں سکول میں نگرانی کے لیے جدید کیمرے، تیز رفتار انٹرنیٹ، سمارٹ کلاس رومز، عملی لیبارٹریاں، اور طبی معیار کے مطابق ترتیب دیے گئے کلاس رومز موجود ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک بڑی لائبریری، کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے خصوصی ہال، اور ماہر انجینئرز پر مشتمل تدریسی عملہ بھی دستیاب ہوگا۔

اعدادیہ الثقلین کی یہ کاوش کربلا میں تعلیمی میدان میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی، جہاں طالبات کو پیشہ ورانہ تربیت اور تکنیکی صلاحیتوں سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ وہ مستقبل میں جدید صنعتی اور تکنیکی شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر سکیں۔

ابو علی

منسلکات

العودة إلى الأعلى