استنبول میں امام حسین علیہ السلام ثقافتی مرکز میں ولادتِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے ایک پُروقار تقریب کا انعقاد
حرم امام حسین علیہ السلام کے ذیلی ادارے بین الاقوامی میڈیا سیکشن کے زیرِ اہتمام امام حسین علیہ السلام ثقافتی مرکز، استنبول، نے اھلبیت فاؤنڈیشن ترکی کے تعاون سے رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ طیبہ اور امام حسین علیہ السلام کے ساتھ آپ کے تعلق پر مبنی ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا
امام حسین علیہ السلام ثقافتی مرکز استنبول کے ڈائریکٹر صباح طالقانی نے بتایا کہ اس پُروقار تقریب میں عتبة حسینیہ مقدسہ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد اور ترکی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی دینی، ثقافتی، اور میڈیا سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔
حرم امام حسین علیہ السلام کی نمائندگی میں حاج فاضل عوز نے خطاب کیا اور حرم امام حسین علیہ السلام کی جانب سے انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے معاشرے میں کی جانے والی خدمات پر روشنی ڈالی۔
اھلبیت فاؤنڈیشن اور کوثر اسلامی فاؤنڈیشن کے مقررین نے بھی اپنے خطابات میں عتبة حسینیہ کی جانب سے جاری ثقافتی و دینی پروگرامز کو سراہا۔
مزید برآں، اس تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ ترکی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اس میں شرکت کی۔
کربلا سے لائے گئے علم مبارک کی زیارت کے دوران جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، اور شرکاء کو حرم امام حسین علیہ السلام سے متعلق ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
تقریب سے اھلبیت فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر شیخ انور رحمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امام حسین علیہ السلام کے درمیان تعلق صرف رشتہ داری کی بنیاد پر نہیں تھا بلکہ یہ امرِ خداوندی تھا۔ امام حسین علیہ السلام نے اپنے نانا کے دین کو کربلا کے میدان میں قربانی دے کر زندہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایمان رکھتے ہیں کہ امام حسین علیہ السلام کی محبت، اللہ اور اس کے رسول کی محبت کا تسلسل ہے اور امام حسین علیہ السلام کی یاد کو زندہ رکھنا دراصل اللہ اور اس کے رسول سے وفاداری کا اظہار ہے۔
وفد کے سربراہ حاج فاضل عوز نے کہا کہ یہ کانفرنس اسلامی اتحاد کو مضبوط کرنے اور برداشت و تعاون کی فضا کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرئے گی۔ ہم اھلبیت فاؤنڈیشن، امام حسین علیہ السلام ثقافتی مرکز، استنبول، عتبة حسینیہ مقدسہ، اور میڈیا کے کردار کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس کانفرنس کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
تقریب کے آخر میں حرم امام حسین علیہ السلام کے گنبد پر لہرایا جانے والا علم اھلبیت فاؤنڈیشن، استنبول کو تحفے میں دیا گیا تاکہ دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کیا جا سکے، نیز شرکاء کو حرم امام حسین علیہ السلام کے متبرک تحائف پیش کیے گئے۔
ابو علی