اسلام آباد: حرم امام حسین علیہ السلام کے شعبہ معاہد دینیہ کے زیرِ انتظام "معہد وارث الانبیاء" کا افتتاح کیا گیا۔
رسول اکرم، نبی رحمت حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کے چھٹے برحق جانشین حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت کے مبارک ایام کے موقع پر اسلام آباد میں حرم امام حسین علیہ السلام کے شعبہ معاہد دینیہ کے زیر انتظام "معہد وارث الانبیاء" کا افتتاح کیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں حرم مطہر امام حسین علیہ السلام کے متولی شرعی حجة الاسلام والمسلمین علامہ شیخ عبدالمہدی کربلائی حفظہ اللہ کی خصوصی ہدایت پر شعبہ امور دینہ کے مسئول جناب علامہ شیخ احمد الصافی اور شعبہ معاہد دینیہ کے مسئول جناب علامہ شیخ احمد العاملی نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ موسستہ الکوثر کے مسئول شیخ اشرف حسین ذیشان، سید یاسر شریف، اور مصطفیٰ مخلص پر مشتمل وفد بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھا۔
یہ تقریب "معہد وارث الانبیاء" کی عمارت میں منعقد ہوئی جسے شیخ الجامعہ آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی طاب ثراہ نے قرآن کی نشر و اشاعت کے لیے بنایا تھا۔ اس باوقار تقریب میں کربلاء معلیٰ سے آئے معزز مہمانان، جناب شیخ احمد الصافی اور شیخ احمد العاملی نے خصوصی طور پر شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔
تقریب سے وکیل مرجعیت شیخ انور علی نجفی حفظہ اللہ، مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ، اور مدیر معہد وارث الانبیاء پاکستان شیخ اشرف حسین آخوندزادہ نے بھی خطاب کیا۔