کربلاء میں بین الاقوامی حسن قرائت کا مقابلہ پاکستانی قاری نے جیت لیا

2024-03-31 01:05

عراق کے صوبہ کربلاء میں حرم حضرت عباس علیہ السلام کے زیر اہتمام رمضان المبارک بہار قرآن کی مناسبت سےمنعقدہ بین الاقوامی العمید تلاوتِ قرآن ایوارڈ کےمقابلہ حسن قرائت میں پاکستانی قاری حافظ محمد ابو بکر نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے

یہ مقابلہ حرم حضرت عباس علیہ السلام کی قرآن اکیڈمی کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا، جس میں مختلف اسلامی ممالک سے21 بین الاقوامی قرآء نے شرکت کی تھی۔

رمضان کا مقدس اور بابرکت مہینہ جب آتا ہے تو قرآن کريم کی تلاوت زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ کیونکہ ماہ رمضان قرآن کا مہینہ ہے اس لئے حرم حضرت عباس علیہ السلام نے بین الاقوامی حسن قرائت کا مقابلہ منعقد کیا، جس میں ایک سے بڑھ کر ایک، قرآء نے اپنی خوبصورت آواز سے سامعین کو محظوظ کیا اور مقابلہ انتہائی دلچسپ مراحل میں داخل ہو گیا۔

یہ مقابلہ کئی راؤنڈ پر مشتمل تھا۔ بڑوں اور بچوں کی الگ الگ ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل اور فائنل کا مقابلہ ہوا اور بچوں میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے قاری محمد ابو بکر نے تلاوت قرآن مقابلہ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

اور بچوں کے مقابلے میں ترتیب کچھ یوں رہی

1 پہلی پوزیشن/ محمد ابوبکر - پاکستان

2 دوسری پوزیشن/ احمد حسن حمزہ - عراق

3 تیسری پوزیشن/ یاسین غلامی - ایران

جبکہ بڑوں کے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والوں کی درجہ بندی حسب ذیل تھی۔

1 پہلی پوزیشن/ احمد جمال الرقبی - عراق

2 دوسری پوزیشن/ محمود السید عبداللہ - مصر

3 تیسری پوزیشن/ مہدی رحمت اللہ تقی پور - ایران۔

فاتحین کو حرم حضرت عباس علیہ السلام کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن جناب سید لیث موسوی نے اعزازی شیلڈز کے ساتھ ساتھ حرم مقدس کی طرف سے مالی انعامات سے بھی نوازا ۔

واضح رہے کہ حرم حضرت عباس علیہ السلام کی قرآن اکیڈمی کے متنوع پروگراموں اورمختلف قرآنی سرگرمیوں کا مقصد خدا کی مقدس کتاب کی تلاوت کی ترویج اور دنیا بھر میں اس کے ایمانی اور ثقافتی اقدار کو فروغ دینا ہے۔ 

مقابلہ العمید میں تلاوتِ قرآن کاعالمی ایوارڈ عراق میں اپنی نوعیت کا پہلا مقابلہ ہے اور اس میں 21 ممالک کے قرآء نے شرکت کی۔

منسلکات

العودة إلى الأعلى