یومِ عاشور: دنیا بھر میں سیدالشہداء کا ماتم، کربلاء میں کروڑوں زائرین کا شہدائے کربلا کو خراج عقیدت

2022-08-10 13:09

عراق ، ایران ،پاکستان سمیت دنیا بھرمیں سیدالشہداء کا ماتم، کربلاءمعلیٰ میں سید الشہدا ءامام حسین ؑ اور علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس ؑکے روضہ مبارک اور بین الحرمین نیز اطراف کی سڑکوں پر عراق اور دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں زائرین اور سوگواروں کا  امام عالی مقام کو پُرسہ

دس محرم سن 61 ہجری کو سیدالشہداء حضرت امام حسینؑ اور آپ کے اصحاب با وفاء نے  میدان کربلا میں یزیدی فوج  کے ساتھ جنگ کر کے اسلام کو حیات جاویدانی بخشاء ۔

یوم عاشور پر عراق کے شہر کربلائے معلیٰ میں لاکھوں افراد جمع ہوئے اور شہدائے کربلا کو یاد کیا۔ نجف، کاظمین اور سامرا میں بھی ماتمی جلوسوں اور مجلس عزاء کے ذریعے یوم عاشور کی یادیں تازہ کی گئیں۔

دس محرم الحرام کے موقع پر ایران میں بھی مجالس عزا برپا کی گئیں۔ مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں یوم عاشور کی مناسبت سے مجالس منعقد کی گئیں۔

کراچی میں دس  محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا، حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔

برطانیہ اور یورپی ممالک میں بھی عزاداران امام حسینؑ نے جلوسوں اور مجالس کے ذریعے اہل بیت سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔

لندن میں امامیہ مشن فاریسٹ گیٹ کے زیر اہتمام محرم کا جلوس نکالا گیا۔ جلوس ڈرننگ کمیونٹی سنٹر سے برآمد ہونے کے بعد فاریسٹ گیٹ، رومفرڈ روڑ اور کیتھرین روڑ سے ہوتا ہوا واپس ڈرننگ کمیونٹی سینٹر پہنچا۔ برطانیہ کے شہر بلیک برن میں بھی مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا

یونان کے شہر ایتھنز میں علم و ذوالجناح کا جلوس شہر کے مرکز امونیا سے برآمد ہوا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا یونانی پارلیمنٹ کے سامنے اختتام پذیر ہوا۔ عزاداران جلوس کے دوران ماتم داری اور نوحہ خوانی کرتے رہے۔

پرتگال میں امام بارگاہ امام زمانہ المادہ اور امام بارگاہ آل یاسین لزبن میں مجلس عزا کا اہتمام کیا گیا۔ ذاکرین نے امام حسینؑ اور آپ کے رفقا کی قربانی پر روشنی ڈالی جب کہ عزاداران نے ماتم داری سے سید الشہداکو پرسہ دیا۔

جرمنی کے شہر برسلز میں بھی شہدائے کربلا کی یاد میں مجالس عزا برپا کی گئیں۔ عزاداروں نے  نواسۂ رسول ص  اور آپ کے اصحاب باوفا پر ڈھائے جانے والے مظالم پر اشکوں سے پرسہ دیا۔

پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں محافل ذکر امام حسین میں زاکرین نے سید الشہدا کی عظیم قربانی پر روشنی ڈالی۔

سعودی عرب کے شہر قطیف کے عزادار بھی امام عالی مقام کا غم منانے میں پیش پیش رہے، عزاداروں کی  بڑی تعداد نے ماتمی جلوس میں شرکت کی۔

اسپین میں بھی دس محرم الحرم عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ امام بارگاہ القائم سنٹر بارسلونا میں عشرہ محرم الحرام شب عاشورہ امام بارگاہ میں مجلس عزاداری برپا ہوئی۔

مجلس کے بعد شبیہ تابوت شہزادہ علی اکبر برآمد ہوا۔ جب کہ یوم عاشورہ کا مرکزی ماتمی جلوس  اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا فرانسہ ریلوے اسٹیشن  پر اختتام پذیر ہوا۔ 

افریقی ملک نایجیریا میں بھی یوم عاشور کی مناسبت سے جلوس نکالا گیا جہاں شہدائے کربلا کی یاد تازہ کی گئی۔

دس محرم کی محافل میں مذہبی اسکالرز کا کہنا ہے کہ فلسفہ شہادت حسینی نے انسانیت کے احترام، ایثار، شجاعت، بہادری، صبر اور استقامت کا درس دیا ہے۔امام عالی مقام اور رفقا نے میدان کربلا میں قربانی سے دین اسلام کی آبیاری کی ہے۔

 

منسلکات

العودة إلى الأعلى