برصغیر کی عظیم دینی درسگاہ،موسسہ امام خوئی جامعہ الکوثر اسلام آباد میں علماء وخطباء کا نمائندہ اجتماع

2022-07-26 10:40

شیخ الجامعہ مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی دام ظلہ کی ہدایت پر بسلسلہ استقبال محرم الحرام برصغیر کی عظیم دینی درسگاہ ، ملت جعفریہ پاکستان کی امیدوں کا مرکز موسسہ امام خوئی جامعہ الکوثر اسلام آباد میں علماء و خطباء كا نمائندہ اجلاس کا انعقاد 

جامعہ الکوثر کی بہت سی دیگر شاندار روایات میں سے ایک شاندار روایت محرم الحرام کے آغاز سے قبل علماء و خطبا نمائندہ اجلاس کا انعقاد ہے۔چنانچہ سال گذشتہ کی طرح  امسال بھی جامعہ الکوثر کی اسلامی فن تعمیر کی شاہکار مسجد میں آج دور و نزدیک سے تشریف لانے والے اور وطن عزیز کے بڑے شہروں میں مرکزی مقامات عزاء پر زینت منبر بننے والےعلماء و خطبا کے اجلاس کا جم غفیر دیدنی تھا۔ قاری ابرار حسین صاحب نے تلاوت قرآن مجید سے اجلاس کا باقاعدہ  آغاز کیا جس کے بعد شیخ الجامعہ دام ظلہ نے ایوان میں خطبہ استقبالیہ پیش فرماتے ہوئے شرکا اجلاس کی زحمات کو سراہا اور انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے منبر کی ذمہ داریوں کو خلوص نیت کے ساتھ ادا کرنے کی تلقین فرمائی۔آپ کے خطاب کے بعد حسب روایت باری باری شرکاء اجلاس نے اپنی تجاویز و آرا ایوان کے روبرو رکھیں۔جبکہ آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی مدظلہ نے منبر پر اللہ کی کبریائی، قرآن کی عظمت اور ذکر محمد و آل محمد علیہم السلام بیان کرنے کے عمل کو کار رسالت قرار دیتے ہوئے علماء و خطبا کو اپنی ذمہ داریوں سے ہر لمحہ آگاہ رہنے کی تلقین فرمائی

قائد ملت جعفریہ سید ساجد علی نقوی مدظلہ نے اپنے اختتامی خطاب میں ایام عزاء کی حساسیت اور افراد قوم کو مراسم عزاداری میں پیش آمدہ مشکلات کا تذکرہ فرماتے ہوئے علماء و خطبا کو حالات حاضرہ سے آگاہ فرمایا۔

واضح رہے کہ اسی پلیٹ فارم سے ہی ایک ویب سائٹ، رسالات ڈاٹ کام کے نام سے لانچ کیا گیا ہے جس میں مستند مطالب اور مقتل کو گزشتہ ایک سال سے اپلوڈ کیا جارہا ہے تاکہ خطیب کو تیاری کرنے میں مدد مل سکے اب تک سینکڑوں علماءمستفید ہو چکے ہیں

اور اس طرح  دعائے سلامتی امام زمانہ عجل اللہ تعالٰی فرجہ الشریف کے ساتھ یہ اہم اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔جناب مولانا انتصارحیدر جعفری قبلہ نے بااحسن خوبی میزبانی کے فرائض انجام دیئے ۔

منسلکات

العودة إلى الأعلى