ناروے کی سفیر کا حرم امام رضا علیہ السلام کا دورہ
اسلامی جمہوریہ ایران میں تعینات ناروے کے سفیر نے حرم امام رضا علیہ السلام کے صحن آزادی اور صحن انقلاب اسلامی کی زیارت کے دوران اس نورانی و ملکوتی بارگاہ کی روحانیت اور عظمت کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایک یورپین کی حیثیت سے حرم امام رضا علیہ السلام کی شان وشوکت اور عظمت سے بہت زیادہ متاثر ہوا ہوں۔
انٹرنیشنل میڈیا سنٹرکے مطابق،اسلامی جمہوریہ ایران میں تعینات ناروے کے سفیر جناب سیگوالدتامین ھاوگہ مشہدمقدس کے سفر کے دوران حرم امام رضا(ع) میں حاضر ہوئے اور حرم امام رضا علیہ السلام کے مختلف متبرک مقامات کے علاوہ حرم امام رضا علیہ السلام کےقالین میوزیم کا وزٹ بھی کیا۔
انہوں نے اس وزٹ کے دوران کہا کہ اس ملکوتی بارگاہ کا فن تعمیر اور آرٹ قدیمی تاریخ کا حامل ہے ،اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ صحن انقلاب اسلامی اور صحن آزادی کے وزٹ کے دوران بہت قیمتی اور گرانقدر ایرانی ۔اسلامی فن تعمیرکے بارے میں معلومات حاصل ہوئی ہیں جس کی وجہ سے اس فن تعمیرسے بہت متاثر ہوا ہوں اس لئے میری یہ کوشش ہے کہ ان معلومات کو دوسروں تک بھی پہنچاؤں۔
ان کا کہنا تھا کہ قالین میوزیم جوکہ قدیمی اور گرانقدر قالینوں کا مرکز ہے اورجسے نہایت عمدہ طریقے سے سجایاگیا ہے ، ان قالینوں پر بنے نقش و نگارمختلف اقوام اور ایرانی قوم کے عکاس ہیں جن سے میں دلی طور پر بہت زیادہ متاثر ہوا ہوں۔
ناروے کے سفیر نے گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ حرم امام رضا علیہ السلام پوری دنیا کے مسلمانوں کے لئے محترم اور مقدس جگہ شمار ہوتی ہےاور ہر روز لاکھوں کی تعداد میں زائرین عقیدت و احترام سے اس ملکوتی بارگاہ کی زیارت کے لئے حاضر ہوتے ہیں، میں بھی جب ایک یورپین شہری کی حیثیت سے پہلی بار اس نورانی اور مقدس بارگاہ میں داخل ہوا تو میری روح اس مقدس مکان کی روحانیت سے بہت زیادہ متاثر ہوئی۔
آخر میں ان کا کہنا تھا کہ حرم امام رضا علیہ السلام ایسا مقدس مکان ہے جسے پوری دنیا کے لوگوں کو متعارف کروانا چاہئے تاکہ وہ بھی یہاں پر حاضر ہوکرمیری طرح اس مقدس مکان کی روحانیت و معنویت سے متاثر ہو سکیں