جامعہ الزہراءؑ میں طالبات کی تعلیمی فیسوں میں 8 ارب عراقی دینار کی رعایت
کربلا: جامعہ الزہراءؑ برائے خواتین نے گزشتہ تعلیمی سال کے دوران طالبات کی تعلیمی فیسوں میں مجموعی طور پر 8 ارب عراقی دینار کی رعایت فراہم کی، جس سے 80 فیصد طالبات، یعنی تقریباً 4 ہزار طالبات مستفید ہوئیں
اس کے علاوہ جامعہ نے مستحق طالبات کی معاونت کے لیے سماجی کفالت فنڈ بھی قائم کیا ہے
جامعہ الزہراءؑ برائے خواتین کی سربراہ ڈاکٹر زینب سلطانی نے بتایا کہ اس وقت جامعہ میں 6 ہزار طالبات زیرِ تعلیم ہیں
وزارتِ اعلیٰ تعلیم کے ضوابط کے مطابق نئی طالبات کے داخلے کے لیے آن لائن پورٹل کھولا گیا ہے، جس کے ذریعے اب تک 947 طالبات نے رجسٹریشن کروائی ہے۔ آئندہ دنوں میں دوسرا پورٹل کھلنے کے بعد رجسٹریشن کی تعداد میں مزید اضافے کی توقع ہے
انہوں نے کہا کہ عراق کے مختلف صوبوں سے طالبات کی بڑی تعداد جامعہ میں داخلے کے لیے رجوع کر رہی ہے، جبکہ جامعہ میں اعلیٰ معیار کی رہائشی سہولیات بھی دستیاب ہیں
ڈاکٹر زینب سلطانی نے مزید بتایا کہ حرم امام حسینؑ کے شرعی متولی شیخ عبدالمہدی کربلائی کی ہدایت پر جامعہ مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والی طالبات کو تعلیمی فیسوں میں رعایت فراہم کرتا ہے۔ ان میں شہداء کے اہل خانہ، مستحق اور یتیم طالبات سمیت خصوصی حالات سے دوچار طالبات شامل ہیں
انہوں نے وضاحت کی کہ طالبات کو مختلف تناسب سے رعایتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ بعض طالبات کو پورے تعلیمی دورانیے کے لیے تعلیمی فیسوں سے مستثنیٰ قرار دیا جاتا ہے، جبکہ بعض کو رہائشی اخراجات میں بھی رعایت فراہم کی جاتی ہے
گزشتہ تعلیمی سال کے دوران ان رعایتوں پر مجموعی طور پر 8 ارب عراقی دینار خرچ ہوئے، جن کی ادائیگی حرم امام حسینؑ نے کی
انہوں نے بتایا کہ جامعہ نے شرعی متولی کی جانب سے فراہم کردہ مالی معاونت کے علاوہ ایک نیا سماجی کفالت فنڈ بھی قائم کیا ہے، جس کا مقصد مستحق اور یتیم طالبات کی مالی مدد کرنا ہے۔ اس فنڈ کے اخراجات مخیر حضرات کے عطیات سے پورے کیے جاتے ہیں، جبکہ اس کے ذریعے طالبات کو ماہانہ وظائف اور دیگر ضروریات پوری کرنے کے لیے مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے
جامعہ میں نائیجیریا، پاکستان، ایران، شام اور مڈغاسکر سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی طالبات بھی زیرِ تعلیم ہیں، جنہیں مفت تعلیمی وظائف اور مفت رہائش فراہم کی جاتی ہے۔ مزید برآں، انہیں حرم ہائے مقدسہ کی زیارت کے لیے آمدورفت کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے
ڈاکٹر زینب سلطانی نے کہا کہ جامعہ کی جانب سے طالبات کو فراہم کی جانے والی یہ سہولیات ایک منفرد اقدام ہیں، جو دیگر جامعات میں اس انداز سے دیکھنے میں نہیں آتیں
انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ نے اپنی اسلامی، فکری اور ثقافتی شناخت کے تحفظ میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ جامعہ کی تمام طالبات اہل بیت علیہم السلام سے محبت اور سیدہ فاطمہ زہراؑ سے عقیدت کے باعث اپنی دینی وابستگی کے ساتھ شرعی حجاب کی پابندی کرتی ہیں


