نجف اشرف: آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کے ایصالِ ثواب کے لیے مجلسِ فاتحہ کا انعقاد

2026-11-19 07:41

نجف اشرف: مرجعِ عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی (قدس سرہ) کی رحلت پر اظہارِ تعزیت اور ایصالِ ثواب کے لیے حوزہ علمیہ نجف اشرف کے زیرِ اہتمام حرم امام علیؑ سے متصل مسجدِ خضراء میں مجلسِ فاتحہ منعقد ہوئی، جس میں حوزہ علمیہ کے ممتاز اساتذہ، طلبۂ علومِ دینیہ اور مؤمنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی

مجلس میں مرجعِ اعلیٰ آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی کے دونوں فرزندان، حوزہ علمیہ نجف اشرف کے نامور اساتذہ، جن میں شیخ باقر ایروانی، شیخ ہادی آلِ راضی اور سید منیر خباز شامل ہیں، کے علاوہ دیگر علما، اساتذہ اور طلبۂ علومِ دینیہ شریک ہوئے

اسی طرح کربلا معلیٰ سے حرم امام حسینؑ کے متولیِ شرعی شیخ عبدالمہدی کربلائی اور حرم حضرت عباسؑ کے متولیِ شرعی سید احمد صافی سمیت متعدد دینی و علمی شخصیات اور مؤمنین نے بھی مجلس میں شرکت کی

مرجعِ اعلیٰ آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی نے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحوم آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی کو بزرگ اور نامور علما میں شمار کرتے ہوئے انہیں حوزہ علمیہ قم کی عظیم علمی شخصیات میں سے ایک ممتاز عالمِ ربانی قرار دیا

انہوں نے اس امر کی طرف بھی اشارہ کیا کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی تحقیق و تعلیم کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ ان کے گراں قدر علمی آثار اور دینی خدمات ایک عظیم علمی ورثے کی صورت میں باقی رہیں گی، جبکہ ان کا عملی کردار اور طرزِ زندگی اہلِ علم کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگا

نجف اشرف میں منعقد ہونے والی یہ مجلسِ فاتحہ ان تعزیتی مجالس کے سلسلے کی ایک کڑی ہے، جو اس عظیم مرجعِ دینی کی رحلت کے بعد مختلف مقامات پر منعقد کی جا رہی ہیں۔ ان مجالس کا مقصد مرحوم کی علمی و حوزوی خدمات، تحقیقی و تدریسی جدوجہد اور علومِ اہلِ بیتؑ کی ترویج و اشاعت کے لیے ان کی گراں قدر کاوشوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے

منسلکات

العودة إلى الأعلى