حرم حضرت عباسؑ کے زیرِ اہتمام ساتویں مرکزی تقریبِ تقسیمِ اسناد میں 7,500 سے زائد طلبہ کی شرکت

2026-11-21 10:40

حرم حضرت عباسؑ کے زیرِ اہتمام عراق کی 82 سرکاری اور نجی جامعات کے 7,500 سے زائد فارغ التحصیل طلبہ کی شرکت سے ساتویں مرکزی تقریبِ تقسیمِ اسناد کا انعقاد کیا جا رہا ہے

یہ تقریب قومی منصوبے فتیہ الكفيل کے تحت سرزمینِ کربلا سے عطا کے پھول کھلتے ہیں کے عنوان سے منعقد ہو رہی ہے، جس کا مقصد فارغ التحصیل طلبہ کی حوصلہ افزائی اور ان کی تعلیمی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے

تقریبات کا انعقاد حرم حضرت عباسؑ کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ سے وابستہ شعبۂ جامعات و مدارس کے زیرِ اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر حرم حضرت عباسؑ کے سیکرٹری جنرل سید مصطفیٰ مرتضیٰ آل ضیاء الدین، حرم کے دیگر ذمہ داران اور فارغ التحصیل طلبہ کے والدین بھی شریک ہیں

حرم حضرت عباسؑ کی انتظامی کونسل کے رکن اور ادارۂ تعلیم و اعلیٰ تعلیم کے سربراہ ڈاکٹر عباس الددہ الموسوی نے بتایا کہ ساتویں مرکزی تقریبِ تقسیمِ اسناد کے دوسرے روز کی سرگرمیوں کا آغاز ہو چکا ہے، جس میں 82 سرکاری اور نجی جامعات کے 7,500 سے زائد طلبہ شرکت کر رہے ہیں

انہوں نے کہا کہ ہر سال اس تقریب کے ذریعے اعلیٰ اور قابلِ قدر اصولوں اور مقاصد کو اجاگر کیا جاتا ہے، جو مختلف نظریات اور سوچ رکھنے والے افراد کو ایک نقطے پر جمع کرتے ہیں۔ ہر سال کی تقریب کا ایک مرکزی محور ہوتا ہے، جو کسی خاص قدر کی عکاسی کرتا ہے

ڈاکٹر عباس الددہ الموسوی نے مزید کہا کہ اس سال کی تقریب میں وطن کو اعلیٰ ترین قدر اور مشترکہ شناخت کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جو تمام افراد کو متحد کرتی ہے۔ فارغ التحصیل طلبہ کا یہ خوبصورت منظر اسی حقیقت کی عکاسی کرتا ہے

تقریبات میں حضرت ابوالفضل العباسؑ کے روضۂ مبارک کی زیارت، تقریبِ تقسیمِ اسناد، وطن سے وفاداری کے عہد اور طلبہ کے جلوس سمیت مختلف سرگرمیاں شامل ہیں۔ اس موقع پر طلبہ حضرت ابوالفضل العباسؑ کے روضۂ مبارک کے صحن کی جانب روانہ ہوں گے، جہاں سے بین الحرمین کے راستے امام حسینؑ کے حرم مطہر تک پہنچیں گے

حرم حضرت عباسؑ کی جانب سے اس تقریب کے انعقاد کا مقصد فارغ التحصیل طلبہ کی حوصلہ افزائی، جامعات کے طلبہ کے شایانِ شان ایک منفرد تقریبِ تقسیمِ اسناد کا انعقاد اور ان کی تعلیمی زندگی کے ایک اہم مرحلے کی تکمیل کو یادگار بنانا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ طلبہ کے دینی، قومی اور انسانی اقدار سے تعلق کو مزید مضبوط کرنا بھی اس تقریب کے اہم مقاصد میں شامل ہے

منسلکات

العودة إلى الأعلى