حرم امام حسینؑ: فرامین اہلِ بیتؑ کی روشنی میں قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی ایپلی کیشن جلد متعارف کرائی جائے گی
کربلا: حرم امام حسینؑ کے زیرِ انتظام دارالقرآن الکریم نے فرامین اہلِ بیتؑ کی روشنی میں قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی ایپلی کیشن تیار کر لی ہے، جس میں جدید مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا گیا ہے
اس ایپلی کیشن کو جلد متعارف کرایا جائے گا
اس سلسلے میں دارالقرآن الکریم کے ایک وفد نے حرم امام حسینؑ کے متولیِ شرعی شیخ عبدالمہدی کربلائی سے ملاقات کی اور انہیں ایپلی کیشن کے جلد اجرا کے بارے میں آگاہ کیا
دارالقرآن الکریم کے مرکزِ اطلاعاتِ قرآنی کے ذمہ دار وسام الدلفی نے کربلا ٹوڈے نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ایپلی کیشن کا اجرا علمی و تحقیقی ذرائع کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ اس کے ذریعے انسائیکلوپیڈیا کے علمی مواد تک رسائی کو آسان اور مؤثر بنایا جائے گا، تاکہ مؤلفین، حوزہ علمیہ کے علما، جامعات کے اساتذہ اور محققین اپنی علمی و تحقیقی ضروریات کے مطابق اس سے بہتر انداز میں استفادہ کر سکیں
انہوں نے مزید کہا کہ اس ایپلی کیشن کی نمایاں خصوصیت جدید ترین مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کا استعمال ہے۔ اس کے علاوہ عربی اور فارسی زبانوں کی لغات سے بھی استفادہ کیا گیا ہے، جس سے مطلوبہ معلومات کی تلاش اور ان تک رسائی کا عمل تیز اور آسان ہو جائے گا۔ یہ سہولت قرآنی مطالعات اور اہلِ بیتؑ کی علمی و دینی میراث سے متعلق تحقیقات میں بھی معاون ثابت ہوگی
وسام الدلفی کے مطابق یہ ایپلی کیشن علمی و تحقیقی میدان میں ایک اہم پیش رفت ہے، جو تحقیق و جستجو کے جدید ذرائع کو فروغ دینے، مخصوص علمی موضوعات سے متعلق معلومات تک رسائی آسان بنانے اور محققین و علمی اداروں کی قرآنی تحقیقات کو مزید وسعت دینے میں مؤثر کردار ادا کرے گی


