پاکستان: جامعۃ الکوثر میں آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانیؒ کی یاد میں مجلسِ ترحیم کا انعقاد
جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں مرجعِ عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی اور مجلسِ ترحیم کا انعقاد
اسلام آباد: مرجعِ عالی قدر، فقیہِ اہلِ بیتؑ حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی اور ان کی گراں قدر علمی و دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے جامعۃ الکوثر، اسلام آباد میں ایک پُروقار مجلسِ ترحیم کا انعقاد کیا گیا، جس میں علمائے کرام، دینی و مذہبی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مجلس سے وکیلِ مرجعیت علامہ شیخ انور علی نجفی (دام عزہ) نے خطاب فرمایا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مرحوم کی عظیم علمی و فقہی شخصیت، روحانی عظمت، تقویٰ، دینی بصیرت اور عالمِ تشیع میں ان کے ممتاز مقام کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
علامہ شیخ انور علی نجفی نے فرمایا کہ اس عظیم فقیہ نے اپنی پوری زندگی درس و تدریس، تعلیم و تربیت، تحقیق و تدقیق، تحفظِ شعائرِ الٰہی اور شعائرِ اہلِ بیتؑ کے دفاع کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے پوری استقامت، علمی وقار، متانت اور مضبوط استدلال کے ساتھ دینی و ولائی اقدار کی پاسبانی اور ترجمانی کا فریضہ انجام دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ نے اپنی خدا داد بصیرت اور غیر معمولی علمی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ابطالِ باطل اور احقاقِ حق کے مقصد سے عزائے فاطمیہ کو ایک عالمگیر تحریک کی صورت میں پیش کیا۔
انہوں نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی علمی و فقہی خصوصیات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ فقہ و اصول کی باریکیوں پر ان کی غیر معمولی گرفت، دیرینہ حوزوی اقدار کی پاسداری، بیان کی شگفتگی، قرآن و اہلِ بیتؑ سے والہانہ وابستگی، ژرف نگاہی، علمی و منطقی استدلال اور خدمتِ دین و ملت کا غیر اشتہاری جذبہ وہ امتیازی خصوصیات ہیں، جو انہیں عصرِ حاضر میں منفرد و ممتاز بناتی ہیں۔



