حرم امام حسینؑ میں طالبات کے قرآنی شارٹ کورس کا اختتام
کربلا: حرم امام حسینؑ کے دارالقرآن کریم کے زیرِ اہتمام طالبات کے لیے منعقدہ خصوصی قرآنی شارٹ کورس اختتام پذیر ہوگیا
اس موقع پر حرم امام حسینؑ کے صحنِ مطہر میں ایک پروقار اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس میں کئی روز تک جاری رہنے والے تعلیمی و تربیتی پروگراموں کی تکمیل پر طالبات کی حوصلہ افزائی کی گئی
قرآنی شارٹ کورس کی نگران امل المطوری نے کربلا ٹوڈے نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دارالقرآن کریم کے زیرِ اہتمام ایک جامع اور بامقصد سمر کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد نئی نسل کو قرآن کریم کی تعلیمات اور سیرتِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و اہل بیت علیہم السلام سے روشناس کرانا تھا
انہوں نے بتایا کہ ان کلاسز کے انعقاد میں حرم امام حسینؑ کے مختلف شعبوں، جن میں شعبۂ نظم و ضبط، شعبۂ نگہداشتِ حرم، شعبۂ زینبیات اور دارالقرآن کریم کے عملے نے بھرپور تعاون کیا
امل المطوری کے مطابق، یہ کلاسز کئی روز تک جاری رہیں اور روزانہ صبح 8 بجے سے 11 بجے تک منعقد ہوتی تھیں۔ اس دوران طالبات کو قرآن کریم کی حفظ و تلاوت کے ساتھ ساتھ مختلف دینی و تربیتی موضوعات کی تعلیم بھی دی گئی
انہوں نے کہا کہ مڈل اور ہائی اسکول کی طالبات نے سورۂ بقرہ سمیت مختلف سورتوں کے حفظ کی تکمیل کی، جبکہ پرائمری جماعتوں کی طالبات کے لیے جزء تبارک حفظ کرنے کا خصوصی پروگرام رکھا گیا تھا
انہوں نے مزید کہا کہ قرآنی شارٹ کورس کا مقصد صرف قرآن کریم کی تعلیم تک محدود نہیں تھا، بلکہ طالبات کے لیے فقہی، اخلاقی اور تربیتی دروس کا بھی اہتمام کیا گیا، تاکہ ان کی ہمہ جہت تربیت ہو اور قرآن کریم و تعلیماتِ اہل بیت علیہم السلام کے ساتھ ان کا تعلق مزید مضبوط ہو
امل المطوری نے بتایا کہ دارالقرآن کریم موسمِ گرما کی کلاسز کے اختتام کے بعد بھی طالبات سے رابطہ برقرار رکھنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس مقصد کے لیے ٹیلیگرام پر ایک خصوصی چینل قائم کیا جائے گا، جس میں کورس میں شریک طالبات کو شامل کیا جائے گا، تاکہ مستقل قرآنی پروگراموں، تعلیمی سرگرمیوں اور مختلف دینی و تربیتی پروگراموں کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے


