حرم امام حسینؑ کے زیر اہتمام بچیوں کی جشنِ بلوغت و حجاب کی منفرد تقریب

2026-09-02 10:36

کربلا: حرم امام حسینؑ کے زیر اہتمام بچیوں میں دینی، روحانی اور عبادتی شعور اجاگر کرنے کے لیے جشنِ بلوغت و حجاب کی ایک منفرد اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حرم امام حسینؑ کے سیکرٹری جنرل استاد حسن رشید جواد العبایجی نے کہا کہ ذمہ داری اٹھانے کی صلاحیت رکھنے والی نسل کی تربیت کے لیے علمی و معرفتی پہلو کے ساتھ ساتھ تربیتی، اخلاقی اور روحانی پہلوؤں پر بھی خصوصی توجہ دینا ضروری ہے

انہوں نے کہا کہ شرعی تکلیف کی عمر کو پہنچنا بچی کی زندگی کا ایک اہم مرحلہ اور اس کی دینی و روحانی ذمہ داریوں کے آغاز کا نقطۂ آغاز ہے

حرم امام حسینؑ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ نئی نسل کی تربیت کے دو بنیادی ستون ہیں؛ پہلا ایسا نسل تیار کرنا ہے جو علم و معرفت سے آراستہ ہو، جبکہ دوسرا تربیتی، اخلاقی اور روحانی پہلو ہے

انہوں نے مزید کہا کہ روحانی تربیت کے بنیادی مراحل میں شرعی تکلیف کی عمر کو پہنچنا بھی شامل ہے۔ جب بچی نو قمری سال کی عمر کو پہنچتی ہے تو وہ اپنی شرعی ذمہ داریاں ادا کرنے اور دینی احکام کی پابندی کی اہل ہوجاتی ہے، جن میں نماز کی ادائیگی، قرآن کریم کی تلاوت، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر شامل ہیں

انہوں نے وضاحت کی کہ شرعی تکلیف ہماری عزیز بیٹیوں میں روحانی ذمہ داری کے احساس اور اسے نبھانے کا آغاز ہے۔ اسی لیے حرم امام حسینؑ کی انتظامیہ نئی نسل کی تربیت میں روحانی پہلو کو خصوصی اہمیت دیتی ہے

انہوں نے کہا کہ اس ذمہ داری کا بنیادی فریضہ سب سے پہلے خاندان پر عائد ہوتا ہے، اس کے بعد مدرسہ، معاشرہ اور تربیتی ادارے اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ ہماری بیٹیاں ہمارے لیے ایک امانت ہیں، اور ہمارا فرض ہے کہ ہم اس امانت کی نگہداشت کریں اور ان کی بہترین تربیت کریں، تاکہ یہ نسل اسلام، رسول اکرم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امام حسینؑ کے پیغام کے مطابق اپنا کردار ادا کرسکے

انہوں نے مزید کہا کہ نئی نسل کی مناسب تربیت اسے اسلامی اصولوں کے مطابق خاندان، ادارے اور معاشرے کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے قابل بنائے گی۔ جب یہ اہداف حاصل ہوں گے تو ہم ایک ایسے جامع، مستحکم، پُرامن اور محفوظ معاشرے کی تشکیل کرسکیں گے جو علمی اعتبار سے ترقی یافتہ ہو اور جس میں ظلم و ناانصافی کا غلبہ نہ ہو

آخر میں انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا: "میں آپ سب کو ان طالبات اور بچیوں کے بارے میں خیر و بھلائی کی وصیت کرتا ہوں اور بالخصوص ان کی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی تاکید کرتا ہوں، خصوصاً اس روحانی تربیت پر جو ہمیں اہل بیتؑ سے ملی ہے

منسلکات

العودة إلى الأعلى