عراق: زیارتِ اربعین کے لیے آنے والے زائرین کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی
حضرت امام حسینؑ کے چہلم (زیارتِ اربعین) میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے عراق آنے والے زائرین کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے
زیارتِ اربعین کے مرکزی کنٹرول روم نے منگل کے روز اعلان کیا کہ یکم محرم سے اب تک عراق میں داخل ہونے والے زائرین کی تعداد 21 لاکھ 39 ہزار 186 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ مختلف سرحدی گزرگاہوں سے زائرین کی آمد کا سلسلہ بدستور جاری ہے
جاری کردہ بیان کے مطابق گزشتہ رات تک عراق میں داخل ہونے والے زائرین کی مجموعی تعداد 2,139,186 ریکارڈ کی گئی۔ بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ زائرین کی محفوظ، منظم اور سہل آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی اور خدماتی اداروں کے درمیان مکمل ہم آہنگی برقرار ہے، تاکہ سرحدی گزرگاہوں پر داخلے اور ملک کے اندر نقل و حرکت میں روانی برقرار رہے
بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی اور خدماتی ادارے سرحدی گزرگاہوں، مرکزی شاہراہوں اور دیگر اہم راستوں پر اپنے طے شدہ منصوبوں پر مسلسل عمل درآمد کر رہے ہیں، تاکہ زیارتِ اربعین کے لیے آنے والے بڑھتے ہوئے زائرین کو بہترین سہولیات اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے
یاد رہے کہ اس سے قبل اتوار کے روز سیکیورٹی میڈیا سیل نے اعلان کیا تھا کہ یکم محرم سے عراق آنے والے زائرین کی تعداد 15 لاکھ 977 تھی، جو مسلسل آمد کے باعث اب بڑھ کر 21 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے
واضح رہے کہ ہر سال عراق سمیت دنیا بھر سے لاکھوں بلکہ کروڑوں عاشقانِ امام حسینؑ کربلائے مقدسہ پہنچ کر حضرت امام حسینؑ کی زیارتِ اربعین میں شرکت کرتے ہیں، جن کے لیے عراقی حکومت اور متعلقہ ادارے وسیع پیمانے پر سیکیورٹی، طبی اور خدماتی انتظامات کرتے ہیں


