عراق اور ایران کے درمیان منذریہ بارڈر سے ہر گھنٹے 2 ہزار زائرین کی آمد پر اتفاق
اربعین حسینیؑ کے موقع پر ایران سے آنے والے زائرین کی بسوں کو مکمل چیکنگ کے بعد عراق میں داخلے کی اجازت دی جائے گی تاکہ زائرین بروقت نجف اشرف اور کربلا معلیٰ پہنچ سکیں
عراقی وزیرِاعظم کے دفتر کے ڈائریکٹر اور اعلیٰ کمیٹی برائے ملیونی زیارات کے سربراہ علی رزوقی اللامی نے مشترکہ آپریشنز کے نائب کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل قیس المحمداوی کے ہمراہ گزشتہ روز المنذریہ سرحدی گزرگاہ کا دورہ کیا، جہاں ایرانی حکام کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا
اجلاس میں زائرین کی آمد و رفت، ان کے داخلے کے طریقۂ کار، مواکب کی نقل و حرکت اور زیارتِ اربعین کے انتظامات سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا
علی رزوقی اللامی نے بتایا کہ دونوں ممالک اس بات پر متفق ہوئے ہیں کہ ایرانی بسوں کو زائرین کو نجف اشرف اور کربلا معلیٰ تک پہنچانے کی اجازت ہوگی، تاہم انہیں شہروں کے اندر مقامی ٹرانسپورٹ سروس چلانے کی اجازت نہیں ہوگی
ان بسوں کی ذمہ داری صرف ایرانی زائرین کو عراق پہنچانا اور واپسی پر انہیں ایران منتقل کرنا ہوگی
انہوں نے مزید کہا کہ تمام بسوں کی سخت تلاشی لی جائے گی تاکہ کسی بھی قسم کی ممنوعہ اشیاء یا منشیات عراق میں داخل نہ ہو سکیں
اللامی کے مطابق، ایرانی زائرین کے ساتھ لائی جانے والی ادویات کی مکمل فہرست پہلے سے عراقی حکام کو فراہم کی جائے گی، جبکہ صرف وہی ادویات عراق لانے کی اجازت ہوگی جن کے ساتھ ایرانی ڈاکٹر کا باقاعدہ طبی نسخہ موجود ہوگا
انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ بھی اتفاق ہوا ہے کہ المنذریہ سرحدی گزرگاہ سے ہر گھنٹے 1500 سے 2000 ایرانی زائرین کو عراق میں داخل کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے تمام بنیادی سہولیات اور انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ عراق اور ایران کے سرحدی نظام کو الیکٹرانک طور پر منسلک کرنے کے لیے "سجاد" نظام بھی فعال کر دیا گیا ہے
علی رزوقی اللامی نے یقین دلایا کہ اس سال زیارتِ اربعین گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ منظم اور آسان ہوگی، کیونکہ زائرین کی خدمت کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں
انہوں نے کہا کہ زیارتِ اربعین عراقی عوام کی شناخت بن چکی ہے اور حکومت ہر سال زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کرتی ہے
دوسری جانب، سرحدی گزرگاہوں کے ادارے کے سربراہ عمر الوائلی نے کہا کہ اجلاس میں زیارتِ اربعین کے تمام انتظامات، طریقۂ کار اور عملی اقدامات پر مکمل اتفاق کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کا بنیادی مقصد زائرین کو بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کرنا ہے
انہوں نے مزید بتایا کہ عراقی وزیرِاعظم کی ہدایت ہے کہ اس سال کی زیارتِ اربعین کو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ منظم، محفوظ اور مثالی بنایا جائے
اسی مقصد کے لیے تمام متعلقہ ادارے شب و روز کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرحدی ادارہ مکمل طور پر تیار ہے اور ایرانی زائرین اور مواکب کے داخلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر آ سکے


