اربعین حسینی کے لیے جامع پلان تیار، اعلیٰ سطحی اجلاس میں سکیورٹی و خدماتی انتظامات کا جائزہ

2026-07-12 07:21

عراق کی اعلیٰ حکومتی کمیٹی برائے میلیونی زیارات نے دنیا بھر سے اربعین حسینی میں شرکت کے لیے آنے والے زائرین کو بہتر سکیورٹی اور خدمات فراہم کرنے کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا

مشترکہ آپریشنز کے نائب کمانڈر اور اعلیٰ کمیٹی برائے میلیونی زیارات کے سربراہ فرسٹ لیفٹیننٹ جنرل ڈاکٹر قیس المحمداوی کی زیرِ صدارت کمانڈ ہیڈکوارٹر میں منعقدہ اجلاس میں سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کے اربعین کے لیے مرتب کردہ منصوبوں، ان پر عمل درآمد اور جاری تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

سکیورٹی میڈیا سیل کے مطابق اجلاس میں معاون چیف آف آرمی اسٹاف برائے آپریشنز، بری فوج کے کمانڈر، وزارتِ دفاع و داخلہ کے اعلیٰ افسران، حشد الشعبی، بغداد آپریشنز کمانڈ اور اس سے منسلک اداروں کے کمانڈرز اور ذمہ داران نے شرکت کی، جبکہ کربلا، بصرہ، میسان اور دیالی کے آپریشنز کمانڈرز ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے

اجلاس کے دوران اربعین حسینی کے لیے سکیورٹی اور خدماتی تیاریوں کا جائزہ لینے کے ساتھ مختلف اداروں اور شعبوں میں ذمہ داریاں تقسیم کی گئیں اندرونِ عراق اور بیرونِ ملک سے آنے والے زائرین کے سفری راستوں کو محفوظ بنانے کے لیے پیشگی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر اور تیز کرنے پر خصوصی زور دیا گیا

قیس المحمداوی نے سکیورٹی اداروں اور خدمات و صحت سے متعلق محکموں کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زائرین کی آمد و رفت کو رواں رکھنے، انہیں بہترین سہولیات فراہم کرنے اور تمام ممکنہ رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے مشترکہ تعاون ناگزیر ہے

انہوں نے اہم سفارشات پیش کرتے ہوئے سرحدی گزرگاہوں اور کربلا مقدسہ کی جانب جانے والے تمام راستوں پر سکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے، نگرانی اور چوکسی بڑھانے، نیز حسینی مواکب کے منتظمین اور مقامی اداروں کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ہدایت کی

اجلاس میں زائرین کی واپسی کے مرحلے کے لیے نقل و حمل کا ایک جامع اور لچکدار منصوبہ تیار کرنے پر بھی زور دیا گیا، تاکہ اربعین کے بعد زائرین کی واپسی بلا رکاوٹ، منظم اور آسان انداز میں یقینی بنائی جا سکے

قیس المحمداوی نے واضح کیا کہ تمام سکیورٹی اداروں اور معاون وزارتوں کی مشترکہ کوششیں اربعین حسینی کے لیے مرتب کردہ سکیورٹی اور خدماتی منصوبے کی کامیابی کی بنیادی ضمانت ہیں

العودة إلى الأعلى