عتبۂ عباسیہ کا اربعین کی تیاریوں کے سلسلے میں چھٹے میڈیکل فورم کا انعقاد

2026-07-05 09:27

عتبۂ عباسیہ کے جنرل سیکریٹریٹ نے اربعینِ حسینی کے موقع پر دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی تیاریوں کے سلسلے میں چھٹے میڈیکل فورم کا انعقاد کیا، جس میں عراقی وزارتِ صحت، مختلف صوبوں کے محکمہ ہائے صحت کے نمائندوں اور شعبۂ صحت سے وابستہ متعدد شخصیات نے شرکت کی

عتبۂ عباسیہ کے شعبۂ طبی امور کی سربراہ ڈاکٹر ہیفاء التمیمی نے کربلا ٹوڈے نیوز ایجنسی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فورم کے آغاز میں ایک دستاویزی فلم پیش کی گئی، جس میں شعبۂ طبی امور کی نمایاں خدمات کو اجاگر کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایک علمی مذاکرہ بھی منعقد کیا گیا، جس میں دو اہم موضوعات پر تبادلۂ خیال ہوا

انہوں نے بتایا کہ پہلے موضوع میں گزشتہ اربعین کے دوران شعبۂ طبی امور، وزارتِ صحت اور محکمۂ صحت کربلا کی کارکردگی اور اعداد و شمار کا جائزہ پیش کیا گیا، جبکہ دوسرے موضوع میں درپیش چیلنجز، اہم مشاہدات اور طبی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تجاویز پر غور کیا گیا

ڈاکٹر ہیفاء التمیمی نے مزید بتایا کہ فورم میں اربعینِ حسینی کے لیے شعبۂ طبی امور کے خصوصی منصوبے کی بھی رونمائی کی گئی، جس کے تحت کربلا کے قدیم شہر اور مختلف داخلی و خارجی راستوں پر مرد و خواتین کے لیے 26 طبی مراکز قائم کیے جائیں گے

ان مراکز میں ہیئت السبط کے امدادی کارکن، ہیئت الجودة الطبية کے رضاکار اور مرد و خواتین مترجمین بھی خدمات انجام دیں گے

انہوں نے کہا کہ اس فورم کا مقصد اربعین کے زائرین کو فراہم کی جانے والی مفت طبی خدمات کو اجاگر کرنا، ڈاکٹرز، نرسنگ اور امدادی عملے کی کاوشوں کو سراہنا، نیز اربعین کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مؤثر بنانا ہے تاکہ ممکنہ چیلنجز سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے

دوسری جانب محکمۂ صحت کربلا کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر علی محمد صالح ابو طحین نے کہا کہ چھٹا میڈیکل فورم ایک اہم علمی پلیٹ فارم ہے، جس کا مقصد عملی تجربات کو پائیدار منصوبوں میں تبدیل کرنا ہے تاکہ اربعین کے دوران طبی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس فورم کا انعقاد اربعین کی بروقت تیاریوں کا حصہ ہے، جس کے ذریعے تمام متعلقہ اداروں کی کوششوں کو یکجا کر کے زائرین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ کے زائرین کی خدمت ایک عظیم اعزاز اور قومی ذمہ داری ہے۔ اربعین کا اجتماع دنیا کا سب سے بڑا پُرامن انسانی اجتماع ہے، جس کے مؤثر انتظام کے لیے سائنسی منصوبہ بندی، مکمل تیاری اور ٹیم ورک ناگزیر ہے

انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ صحت، محکمۂ صحت کربلا، حرمِ امام حسینؑ، عتبۂ عباسیہ، مقامی حکومت، سکیورٹی اداروں، معاون محکموں، طبی و نرسنگ عملے اور رضاکاروں کے باہمی تعاون سے کربلا نے ملیونی زیارات کے دوران طبی خدمات کی فراہمی میں ایک مثالی قومی ماڈل قائم کیا ہے

انہوں نے واضح کیا کہ یہ فورم تجربات کے تبادلے، عملی سفارشات کی تیاری اور پائیدار منصوبہ بندی کے لیے ایک مؤثر علمی پلیٹ فارم ہے، جس سے ہر سال طبی خدمات میں مزید بہتری لانے میں مدد ملے گی

انہوں نے کہا کہ محکمۂ صحت کربلا اپنی حکمتِ عملی میں بروقت منصوبہ بندی، جدت طرازی اور ہجومی طب (Mass Gathering Medicine) اور ہنگامی حالات کے انتظام کے جدید طریقۂ کار سے استفادہ کرتا ہے تاکہ زائرین کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے اور اربعین کے دوران طبی خدمات کی استعداد میں مزید اضافہ ہو

منسلکات

العودة إلى الأعلى