تیرہویں محرم: سفیر امام حسینؑ اسپتال کی جانب سے عزائے بنی اسد کے لیے فیلڈ اسپتال قائم

2026-06-29 11:28

حرمِ امام حسینؑ کے زیرِ انتظام سفیر امام حسینؑ سرجیکل اسپتال نے تیرہویں محرم الحرام، حضرت امام حسینؑ اور ان کے باوفا اصحابؑ کے اجسادِ مطہر کی تدفین کی یاد میں منعقد ہونے والے عزائے بنی اسد اور مختلف قبائلی مواکب کے موقع پر زائرین، بالخصوص خواتین عزاداروں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی فیلڈ اسپتال قائم کر دیا ہے، جبکہ اسپتال کے تمام طبی، نرسنگ اور انتظامی عملے کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے

اسپتال کے انتظامی معاون انجینئر عباس عبد علی نے کربلا ٹوڈے نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عزائے بنی اسد اور قبائلی خواتین کی پرسہ داری میں لاکھوں خواتین کی متوقع شرکت کے پیشِ نظر تمام ڈاکٹروں، نرسوں اور انتظامی عملے کو مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ عزاداروں کو بروقت اور معیاری طبی خدمات فراہم کی جا سکیں

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے ایک جامع ہنگامی طبی منصوبہ نافذ کیا گیا ہے، جس کے تحت ایمبولینس اور ایمرجنسی ٹیموں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے، آپریشن تھیٹرز اور وارڈز کو مکمل طور پر تیار رکھا گیا ہے، جبکہ ضروری ادویات، طبی آلات اور دیگر میڈیکل سامان بھی وافر مقدار میں فراہم کر دیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ تمام اقدامات حرمِ امام حسینؑ کی جنرل سیکریٹریٹ کی ہدایات کے مطابق کیے گئے ہیں، تاکہ تیرہویں محرم کے موقع پر قائم فیلڈ اسپتال اور دیگر طبی مراکز کے ذریعے زائرین کو مسلسل، منظم اور معیاری طبی و انسانی خدمات فراہم کی جا سکیں

منسلکات

العودة إلى الأعلى