عراق: محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا، یومِ عاشورا 26 جون بروز جمعہ کو ہوگا
نجف اشرف میں مرجعِ عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی الحسینی سیستانی (دام ظلہ الوارف) کے دفتر کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ عراق میں ماہِ محرم الحرام 1448 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، لہٰذا یکم محرم الحرام بدھ 17 جون 2026ء کو ہوگی
کربلائے معلیٰ میں روضۂ حضرت امام حسینؑ اور روضۂ حضرت ابوالفضل العباسؑ کے گنبدوں پر سارا سال لہرانے والے سرخ علموں کو اتار کر سیاہ پرچم نصب کرنے کی روح پرور، پرسوز اور تاریخی تقریب کل بروزہ بدھ 16 جون کی شام منعقد ہوگی
اس عظیم الشان تقریبِ پرچم کشائی میں عراق سمیت دنیا بھر سے لاکھوں زائرین اور عزادار شرکت کریں گے
دوسری جانب پاکستان میں بھی محرم الحرام کا چاند نظر آنے کی کوئی معتبر شہادت موصول نہیں ہوئی، جس کے باعث رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ یکم محرم الحرام بروزہ بدھ 17 جون کو ہوگا
واضح رہے کہ روضۂ حضرت امام حسینؑ اور روضۂ حضرت ابوالفضل العباسؑ پر نصب سرخ علم اس حقیقت کی علامت ہیں کہ حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کے خون کا انتقام ابھی باقی ہے۔ عقیدۂ شیعہ کے مطابق اللہ تعالیٰ کے وعدے کے تحت حضرت امام مہدیؑ (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف) اپنے ظہور کے بعد ظلم و ستم کے علمبرداروں سے اس مظلوم خون کا قصاص لیں گے۔ جبکہ سیاہ پرچم حزن و ملال، سوگ اور عزائے حسینی کی علامت کے طور پر ماہِ محرم الحرام کے آغاز پر نصب کیے جاتے ہیں، جو عالمِ اسلام میں ایامِ عزا کے آغاز کا اعلان ہوتے ہیں


