کربلا: تیسرے سالانہ فتویٰ دفاعِ کفائی فیسٹیول کا آغاز
حرمِ امام حسین ع کے زیرِ اہتمام تیسرے سالانہ فتویٰ دفاعِ کفائی فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز ہو گیا
افتتاحی تقریب میں حوزۂ علمیہ نجف اشرف کے اساتذہ، میدانِ جہاد کے غازیوں، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی
فیسٹیول اس سال آپ نے فتویٰ دیا، ہم نے لبیک کہا، اور کامیاب ہوئے کے عنوان سے منعقد کیا جا رہا ہے
یہ تین روزہ فیسٹیول تاریخی فتویٰ دفاعِ کفائی کی یاد تازہ کرنے اور دہشت گردی کے خلاف عراقی عوام کی بے مثال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کیا گیا ہے
فیسٹیول کے سربراہ علی کاظم سلطان نے بتایا کہ پروگرام میں متعدد ثقافتی، فنی اور اعزازی سرگرمیاں شامل ہیں۔ ان میں الحشد الشعبی کے اُن زخمی مجاہدین کی تکریم بھی شامل ہے جو اپنی بینائی سے محروم ہو چکے ہیں
اس کے علاوہ ایک خصوصی مصوری نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں مرجعیتِ عالیہ کے تاریخی فتویٰ، عراقی عوام کی قربانیوں اور اپنی دینی مرجعیت کے گرد ان کے اتحاد کو فنّی انداز میں پیش کیا گیا ہے
انہوں نے مزید بتایا کہ فیسٹیول کے دوران ایک شعری نشست بھی منعقد ہوگی جس میں فتح و نصرت کی داستانوں اور شہداء و مجاہدین کی قربانیوں کو یاد کیا جائے گا
علی کاظم سلطان کے مطابق فیسٹیول کے تحت شہدائے اسپائکر کے اہلِ خانہ کی خصوصی میزبانی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ انہیں سانحۂ اسپائکر کے مقام تک پہنچانے کے لیے خصوصی سفری سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جبکہ ان کی خدمت اور رہنمائی کے لیے تمام ضروری انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں
انہوں نے کہا کہ فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں اُن شہداءِ میڈیا کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران معرکۂ آزادی کو دستاویزی شکل دی اور مجاہدین کی قربانیوں اور بہادری کو دنیا تک پہنچایا۔ یہ اعزاز عراقی عوام کی عظیم قربانیوں کو اجاگر کرنے میں ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر پیش کیا جائے گا، جو انہوں نے مرجعیتِ دینیہ کی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کے دوران انجام دیں


