نجف اشرف: شہادتِ امام علیؑ کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات

2026-03-10 08:49

امیرالمؤمنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر دنیا بھر سے نجف اشرف آنے والے لاکھوں زائرین کی حفاظت اور سہولت کے لیے خصوصی سکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے

نجف پولیس کے ترجمان کرنل مفید سالم الطاہر نے کربلا ٹوڈے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ نجف اشرف پولیس نے زائرین کی حفاظت اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع سکیورٹی منصوبہ ترتیب دیا ہے۔ اس منصوبے میں وزارتِ داخلہ کے مختلف شعبوں سے 600 سے زائد افسران اور 13ہزار سے زیادہ اہلکار حصہ لے رہے ہیں

اس مقصد کے لیے پورے صوبۂ نجف کو 10سکیورٹی زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، تاکہ سکیورٹی اور خدمات کے امور کو مؤثر اور منظم انداز میں انجام دیا جا سکے

انہوں نے مزید بتایا کہ صوبائی پولیس کے سربراہ میجر جنرل محمد جابر ذیاب الفتلاوی اس منصوبے کی خود نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ مختلف سکیورٹی اور انٹیلی جنس ادارے بھی اس میں معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ حشد الشعبی اور امام علی بریگیڈ کے جوان بھی سکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق وزارتِ داخلہ نے نجف پولیس کو صوبے سے باہر سے بھی اضافی نفری فراہم کی ہے، جبکہ وزارت کی خصوصی ڈائریکٹریٹس بھی مقامی اداروں کے ساتھ تعاون کر رہی ہیں تاکہ امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کے یومِ شہادت کے موقع پر سکیورٹی منصوبے کو کامیاب بنایا جا سکے

انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے میں ایک لچکدار ٹریفک پلان بھی شامل ہے، جس کے ذریعے زائرین کی آمد و رفت کو آسان بنایا جائے گا اور لاکھوں زائرین کی امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کے روضۂ مبارک تک رسائی کو منظم کیا جائے گا

اس کے علاوہ کوفہ اور حرمِ امام علی علیہ السلام کی طرف آنے والے عزاداروں کی آمد و رفت کو بھی منظم کیا جائے گا، جبکہ زائرین کی نقل و حمل کے لیے چار مخصوص مقامات بھی قائم کیے گئے ہیں

العودة إلى الأعلى