پاکستان: کراچی سے داؤدی بوہری جماعت کے نمائندہ وفد کی اسلام آباد میں حرمِ امام حسینؑ کے وفد سے ملاقات

2025-10-30 03:47

کراچی سے داؤدی بوہری جماعت کے نمائندہ وفد نے امام حسینؑ ثقافتی سنٹر آفس اسلام آباد میں حرمِ امام حسین علیہ السلام کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی

کراچی سے داؤدی بوہری جماعت کے نمائندہ وفد نے اسلام آباد میں حرمِ امام حسین علیہ السلام کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات جامعہ الکوثر اسلام آباد میں قائم امام حسینؑ ثقافتی سینٹر آفس میں ہوئی۔ جناب ڈاکٹر محمد عسکری (سربراہ امام حسین ثقافتی سنٹر اسلام آباد آفس) نے وفد کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔

حرمِ امام حسینؑ کے وفد کی قیادت شیخ علی القرعاوی (نمائندہ جنرل سیکرٹریٹِ حرم امام حسینؑ) کر رہے تھے، جبکہ ان کے ہمراہ استاد حیدر منکوشی (ڈائریکٹر بین الاقوامی میڈیا و ثقافت) شعبہ اردو کے سربراہ جناب شیخ اشرف ذیشان، اسلام آفس کے نمائندے اور دیگر اراکین شامل تھے۔ داؤدی بوہرہ جماعت کے وفد میں شیخ علی اصغر عبداللہ شاکر، محمد علی اصغر، اور شیخ علی اکبر شامل تھے، جبکہ اسلام آباد سے ان کے ہمراہ محترم عباس ملک صاحب بھی موجود تھے۔

بوہرہ وفد نے اس موقع پر بتایا کہ کراچی میں واقع الجامعۃ السیفیہ جو ان کے روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین کی سرپرستی میں کام کر رہی ہے میں اعلیٰ دینی و عصری تعلیمی سرگرمیاں جاری ہیں، جو علم و تربیت کے حسین امتزاج کی عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ نئی نسل میں علمی بیداری اور اخلاقی اقدار کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ مزید برآں، وفد نے بتایا کہ ان کے روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین آئندہ ماہ کربلا معلیٰ کی زیارت کے لیے تشریف لے جا رہے ہیں، جہاں دنیا بھر سے ان کے چاہنے والے اور معتقدین نجف اشرف میں جمع ہوں گے تاکہ اس روحانی اجتماع میں شرکت کر سکیں۔

حرمِ امام حسینؑ کے نمائندگان نے سیدنا مفضل سیف الدین کی علمی و روحانی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا، اور داؤدی بوہرہ جماعت کے امن، تعلیم، خدمتِ انسانیت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے مشن کو سراہا۔ آخر میں داؤدی بوہرہ جماعت کے وفد نے حرمِ امام حسین علیہ السلام سے تشریف لائے ہوئے مہمانوں کو تحائف پیش کیے، جبکہ حرمِ امام حسینؑ کے وفد نے بھی اُنہیں یادگاری تحفے دیئے گئے۔ 

منسلکات

العودة إلى الأعلى