اسلام آباد: وفاقی وزیرِ مذہبی امور جناب سردار محمد یوسف صاحب سے امام حسین ثقافتی سنٹر اسلام آباد کے وفد کی اہم ملاقات

2026-05-07 12:15

امام حسین ثقافتی سنٹر اسلام آباد کے ایک وفد نے وفاقی وزیرِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی جناب سردار محمد یوسف صاحب سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی

اسلام آباد:امام حسین ثقافتی سنٹر اسلام آباد کے ایک وفد نے وفاقی وزیرِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی جناب سردار محمد یوسف صاحب سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات انتہائی خوشگوار اور اہمیت کی حامل رہی، جس میں دینی، ثقافتی اور علمی امور  سمیت بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفد نے امام حسین ثقافتی سنٹر اسلام آباد کی جاری دینی، تعلیمی، ثقافتی اور فکری سرگرمیوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔

ملاقات کے دوران روضۂ امام حسین علیہ السلام کی جانب سے وفاقی وزیرِ مذہبی امور جناب سردار محمد یوسف صاحب کو عراق میں عتبات مقدسات کی زیارت کے لیے خصوصی دعوت نامہ بھی پیش کیا گیا۔ وفد نے حرمِ امام حسین علیہ السلام کی علمی، دینی، سماجی اور انسانی خدمات کا تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ روضۂ امام حسین علیہ السلام دنیا بھر میں وحدت، اخوت، خدمتِ انسانیت اور اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

جناب سردار محمد یوسف صاحب نے اس محبت بھرے اقدام پر حرمِ امام حسین علیہ السلام کا شکریہ ادا کیا اور دعوت کو خوش دلی سے قبول فرمایا۔ انہوں نے امام حسین ثقافتی سنٹر اسلام آباد کی دینی و ثقافتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مراکز معاشرے میں اعتدال، شعور، رواداری اور دینی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے وفد کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ امام حسین ثقافتی سنٹر مستقبل میں بھی علمی و فکری میدان میں اپنی مثبت سرگرمیاں جاری رکھے گا۔

ملاقات کے اختتام پر وفد نے جناب سردار محمد یوسف صاحب کی حوصلہ افزائی اور نیک جذبات پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔

منسلکات

العودة إلى الأعلى