عراق : طبی دنیا میں ایک منفرد اور غیر معمولی کامیابی، حرم امام حسینؑ کے زیر انتظام اسپتال میں بیک وقت جگر کی دو کامیاب پیوندکاریاں
عراق میں پہلی بار حرم امام حسینؑ کے زیر انتظام امام زین العابدین میڈیکل اسپتال میں بیک وقت جگر کی دو کامیاب پیوندکاریاں انجام دی گئیں، جہاں دو نوجوانوں نے اپنی ماؤں کو جگر عطیہ کر کے انہیں نئی زندگی دے دی
امام زین العابدین میڈیکل اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبد الرحمن اسماعیل نے بتایا کہ مرجع دینیِ اعلیٰ کے نمائندے شیخ عبد المہدی کربلائی کی سرپرستی اور خصوصی تعاون سے اسپتال نے عراق کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بیک وقت جگر کی پیوندکاری کے دو کامیاب آپریشن انجام دے کر طبی میدان میں ایک اہم سنگِ میل عبور کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جگر کی پیوندکاری دنیا کے پیچیدہ ترین اور حساس ترین آپریشنز میں شمار ہوتی ہے، اور ان دونوں آپریشنز کو ایک ہی وقت میں کامیابی سے انجام دینا عراقی طبی تاریخ کی ایک نمایاں اور قابلِ فخر پیش رفت ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے پر ڈیڑھ سال سے زائد عرصے تک مسلسل کام کیا گیا، جس کے دوران جگر کی پیوندکاری کے لیے ایک مکمل اور خصوصی مرکز قائم کیا گیا۔ اس مرکز کو جدید طبی آلات سے آراستہ کیا گیا، جبکہ آپریشن تھیٹرز، ریکوری رومز، انتہائی نگہداشت یونٹس اور مریضوں کے وارڈز کو بھی عالمی طبی معیار کے مطابق تیار کیا گیا۔
ڈاکٹر عبد الرحمن اسماعیل کے مطابق دونوں آپریشن مکمل کامیابی سے انجام پائے، جو عراق میں مستقبل میں مزید لیور ٹرانسپلانٹ آپریشنز کے لیے ایک مضبوط بنیاد ثابت ہوں گے۔ اس پیش رفت سے پیچیدہ علاج کے لیے بیرونِ ملک سفر کی ضرورت میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ اسپتال نے عراق کا پہلا اور سب سے بڑا لیور ٹرانسپلانٹ سینٹر قائم کیا ہے۔
یہ عظیم طبی کامیابی عراق میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور علاجی خدمات کو مقامی سطح پر فروغ دینے کے لیے حرم امام حسینؑ کی مسلسل کاوشوں کا حصہ ہے


