عید الاضحیٰ پر العین فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک لاکھ عراقی یتیم بچوں میں عید کے کپڑوں کی تقسیم
مرجع دینیِ اعلیٰ آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کی سرپرستی میں کام کرنے والی العین فاؤنڈیشن نے عید الاضحیٰ کی مناسبت سے عراقی یتیم بچوں میں عید کے کپڑوں اور تحائف کی تقسیم کا آغاز کر دیا ہے
ادارہ ایک لاکھ عراقی یتیم بچوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لیے خصوصی مراکز کے ذریعے اعلیٰ معیار کے کپڑے فراہم کر رہا ہے، تاکہ بچے اپنی پسند اور ضرورت کے مطابق باوقار انداز میں خود خریداری کر سکیں۔
ادارے کی انتظامیہ کے مطابق اب تک ضرورتمند خاندانوں کے لیے 13 رہائشی کمپلیکس اور 400 سے زائد گھر تعمیر کیے جا چکے ہیں، جبکہ یتیم اور ذہین طلبہ کی مسلسل سرپرستی کے نتیجے میں بہت سے نوجوان اپنی تعلیم مکمل کرکے ڈاکٹر، انجینئر اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
العین فاؤنڈیشن اس وقت 2 لاکھ 11 ہزار یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے، جنہیں ماہانہ وظائف کے ساتھ 14 مختلف اور جامع سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان خدمات میں مالی معاونت، طبی سہولیات، نفسیاتی نگہداشت، فنی تربیت اور خاندانوں کے لیے قانونی معاونت بھی شامل ہے۔
ایک اندازے کے مطابق یہ ادارہ ہر ماہ دس ارب عراقی دینار سے زائد رقم مستحق اور سفید پوش خاندانوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کرتا ہے


