زیارتِ اربعین میں بچوں کی حفاظت کے لیے اسمارٹ بریسلٹ پروگرام کا آغاز
حرم امام حسین علیہ السلام نے اسمارٹ بریسلٹ کے عنوان سے ایک فلاحی و تکنیکی خدمت کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد اربعین کے دوران بچوں کے گم ہونے کے واقعات کو کم سے کم کرنا ہے
حرم کے شعبہ حفظِ نظام کے سربراہ انجینئر رسول عباس فضالہ نے بتایا کہ عتبہ حسینیہ مقدسہ نے اسمارٹ بریسلٹ کے نام سے ایک منفرد فلاحی اور تکنیکی منصوبہ شروع کیا ہے، جو بچوں کے گم ہونے کے واقعات کی روک تھام میں مؤثر کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ یہ منصوبہ اربعین کی زیارت کے موسم میں مکمل کیے گئے ترقیاتی پروگراموں اور منصوبوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے، اور زائرین کو فراہم کی جانے والی انسانی خدمات میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
مزید کہا کہ یہ پروگرام شعبہ حفظِ نظام کے تحت قائم شُعبۂ منصوبہ بندیِ آمدورفت زائرین کی نگرانی میں نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس بریسلٹ میں بچے کی مکمل تعارفی معلومات درج ہوتی ہیں، جس کی مدد سے حرم کا عملہ بچے کی فوری شناخت کر کے اسے جلد از جلد والدین تک پہنچا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ نظام حج کے موقع پر بھی رائج ہے اور اس نے اپنی افادیت ثابت کی ہے، جبکہ آئندہ زیارات میں اسے وسیع پیمانے پر نافذ کرنے کا ارادہ ہے۔
مزید وضاحت کی کہ عتبہ حسینیہ مقدسہ میں داخلے کے دروازوں پر بریسلٹ تقسیم کرنے کے مراکز قائم کر دیے گئے ہیں، اور ابتدائی نتائج کے جائزے کے بعد آئندہ زیارات میں اس منصوبے کو مزید وسعت دی جائے گی
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ زائرین کی سلامتی میں اضافے اور عتبہ حسینیہ کے اس ہدف کے حصول میں مددگار ثابت ہوگا، جس کا مقصد زیاراتِ ملینیا کے دوران ایک محفوظ اور منظم ماحول فراہم کرنا ہے
عتبہ حسینیہ مقدسہ اپنے تمام سروس اور سیکیورٹی شعبوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی کے ساتھ ایک جامع منصوبہ نافذ کر رہی ہے، جو انتظامی، میدانی اور الیکٹرانک پہلوؤں کا احاطہ کرتا ہے، تاکہ زائرین کی آمدورفت میں روانی، محفوظ ماحول اور چوبیس گھنٹے معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں، جیسا کہ زیارتِ اربعین کی عظمت اور روحانیت کا تقاضا ہے



