مدینۃ الزائرین میں وسیع پیمانے پر زائرین کی خدمات جاری
حرم امام حسین علیہ السلام کے زیرِ اہتمام بابل-کربلا روڈ پر واقع مدینۃ الزائرین، زیارتِ اربعین کے موقع پر کربلا آنے والے زائرین کی خدمت کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت سرگرم عمل ہے
مدینہ زائرین امام حسین کے معاون ڈائریکٹر وائل حمزہ وحید نے نیوز ایجنسی "کربلا ٹوڈے" کو بتایا کہ مدینۃ الزائرین، زائرینِ اربعین حسینی کو مختلف خدمات فراہم کر رہا ہے، جن میں سیکیورٹی کے پہلو پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے علی اکبرؑ برگیڈ اور کربلا آپریشنز کمانڈ کے ساتھ تعاون کیا گیا ہے، اور مدینۃ الزائرین کو علی اکبرؑ برگیڈ کے جوانوں کی خدمات فراہم کی گئی ہیں تاکہ بابل-کربلا روڈ کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ شعبہ حفظِ نظام کے اہلکاروں کی تیاری بڑھا دی گئی ہے اور انہیں خصوصی تربیتی کورسز دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مدینۃ الزائرین کی جانب سے کئی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں مختلف خیموں اور کیمپوں کا قیام شامل ہے، جہاں علما کرام شرعی، فقہی، اخلاقی اور عقائدی سوالات کے جوابات دیے جاتے ہیں۔ مردوں اور عورتوں کے لیے علیحدہ علیحدہ نمازِ جماعت کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ موبائل فون چارج کرنے کے لیے خیمے اور مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں مفت کالز کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ لواء علی اکبرؑ کی جانب سے ایک خصوصی نمائش بھی منعقد کی گئی ہے، جس میں مختلف نوادرات اور عسکری اشیاء کی نمائش کی جاتی ہے
ان کا کہنا تھا کہ بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے ایک منظم منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے۔ روزانہ ہزاروں کھانے کے پیکٹ تقسیم کیے جاتے ہیں۔ شہر میں ایک الیکٹرانک مانیٹرنگ یونٹ موجود ہے جو ہر حصے کی نگرانی کرتا ہے اور کسی بھی خرابی کو بروقت درست کر دیتا ہے۔ شعبہ حفظِ نظام کی جانب سے سیکیورٹی خدمات کے تحت شہر کے داخلی دروازوں پر چیک پوسٹس قائم کی گئی ہیں تاکہ زائرین کی سلامتی یقینی بنائی جا سکے، جبکہ شہر کے تمام حصوں میں پیدل گشت کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں تاکہ نگرانی کے ساتھ ساتھ ضرورت مندوں کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔



