حرم امام حسین علیہ السلام کی جانب سے یوم عاشور کے ماتمی جلوسوں کے لیے روٹ میپ کا اعلان

2025-06-29 10:36

روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام کے شعبہ شعائر حسینی و مواکب نے ماہِ محرم الحرام، بالخصوص یوم عاشوراء کے موقع پر صحنِ حسینی میں عزاداری کے جلوسوں کے داخلے کے اوقات و راستوں پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے۔

ماتمی جلوسوں کے روٹ میپ اور نظام الاوقات کا تعین متعلقہ اداروں، حرم کی انتظامیہ، کربلاء کے معززین، ماتمی انجمنوں اور عوام کے باہمی مشورے سے مرتب کیا گیا ہے

شعبہ شعائر و مواکب کے سربراہ انجینئر رسول فضالہ نے بتایا تمام ماتمی دستوں، خصوصاً بڑے جلوسوں نے ہمارے شعبے سے باضابطہ اجازت حاصل کرنے کے بعد صحنِ حسینی میں داخل ہونا شروع کر دیا ہے۔ یہ جلوس صبح سات بجے سے اپنے عزاداری کے مراسم کا آغاز کرتے ہیں، اور یہ سلسلہ اذان مغرب تک جاری رہتا ہے۔ اس کے بعد کربلاء کے اطراف سے مختلف محلوں اور علاقوں سے آنے والے جلوس روایتی انداز میں امام حسین علیہ السلام سے تجدیدِ عہد کے لیے حرم میں داخل ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا یومِ عاشور، بالخصوص 'رکضۃ طویریج' کے لیے تمام تر انتظامی، حفاظتی اور لاجسٹک تیاریوں کو مکمل کر لیا گیا ہے۔ یہ انتظامات حرم کے شعبہ حفظِ نظم کے ساتھ بھرپور تعاون سے ترتیب دیے گئے ہیں۔ جلوسوں کے داخلے اور اخراج کا سلسلہ ایک منظم اور مربوط منصوبے کے تحت روانی کے ساتھ جاری ہے، جسے گذشتہ برسوں کے کامیاب تجربات کی روشنی میں مزید بہتر بنایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شعبہ شعائر و مواکب ہر ممکن فنی و انتظامی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سرگرمِ عمل ہے، جس میں شہری دفاع اور نظم و ضبط کے شعبے کی براہِ راست معاونت حاصل ہے، نیز کربلاء کے معززین کی فعال شرکت بھی قابلِ قدر ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ روضہ مبارک کے مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران بھی جلوسوں کے استقبال اور رہنمائی میں بھرپور تعاون کر رہے ہیں

انہوں نے وضاحت کی کہ جلوسوں کے منتظمین اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے کام لیا جا رہا ہے۔ تمام صوبوں میں جلوسوں کی نمائندہ کمیٹیوں کو تشکیل دیا گیا ہے تاکہ زیارت کے دوران ان کی کارکردگی کی نگرانی کی جا سکے۔ ساتھ ہی غیر مجاز جلوسوں کی شناخت اور ان پر کنٹرول کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ زائرین کی سلامتی اور آمد و رفت میں خلل نہ آئے

گفتگو کے اختتام پر انجینئر فضالہ نے کہاہم اس بات کے پابند ہیں کہ جلوسوں کے منتظمین کو بروقت رہنمائی فراہم کریں اور جلوسوں کی نقل و حرکت کو اس انداز سے منظم کریں کہ راستوں میں روانی برقرار رہے، اور کربلاء اور اس کے زائرین کی ایک باوقار، مہذب اور منظم تصویر دنیا کے سامنے پیش کی جا سکے، تاکہ اس عظیم مناسبت کا حق ادا ہو اور اہل بیت علیہم السلام کی خدمت بطریقِ احسن انجام دی جا سکے۔

منسلکات

العودة إلى الأعلى