عراق: حج آپریشن 2025 کے لیے تیاریاں مکمل، شیڈول جاری

2025-05-03 12:27

عراق کی وزارتِ نقل و حمل نے اعلان کیا ہے کہ حج 2025 کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، اور عراقی حجاج کرام کو لے کر پہلی پرواز 8 مئی کو سعودی عرب روانہ ہوگی

وزارت کے اعلامیے کے مطابق، وزیرِ نقل و حمل رزاق محیبس السعداوی نے عراقی ائیرلائن کو ہدایت دی ہے کہ منظور شدہ شیڈول پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، تاکہ ضیوف الرحمان کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے مختلف فنی و انتظامی شعبہ جات اور متعلقہ اداروں کے مابین اعلیٰ سطح کی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پروازوں کی بروقت روانگی اور باقاعدہ نظام الاوقات کے لیے مربوط کوششیں اپنائی جائیں

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ عراق سے حجاج کرام کی روانگی کا سلسلہ 8 مئی سے شروع ہوگا، اور روزانہ پانچ پروازوں کے ذریعے حجاج کو مقدس مقامات کی جانب منتقل کیا جائے گا۔ فضائی حج آپریشن 28 مئی تک جاری رہے گا

وزارت کے مطابق، حج آپریشن میں جدید اور کشادہ طیارے جیسے 787 ڈریملائنر، بوئنگ 737، اور ایئربس A330 استعمال کیے جائیں گے، جو بین الاقوامی معیار کی سہولیات سے آراستہ ہوں گے۔ اس کے علاوہ ماہر فضائی عملہ اور مکمل مہمان نوازی کی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی، تاکہ حجاج کرام کو ایک آرام دہ، محفوظ اور باوقار سفر مہیا کیا جا سکے۔

مطلوبہ الفاظ : حج فلائیٹ آپریشن حج 2025ء

العودة إلى الأعلى