کربلاء کی محکمہ صحت نے عازمینِ حج 2025 کے لیے ویکسینیشن کا آغاز کر دیا

2025-04-24 08:02

کربلاء کی محکمہ صحت نے بدھ کے روز سے حج 2025 کے لیے نامزد عازمین کی ویکسینیشن مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس عمل کے تحت مخصوص ویکسینز کا حصول تمام حجاج کرام کے لیے لازم قرار دیا گیا ہے، تاکہ ان کی صحت و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے

محکمے کے ڈائریکٹر جنرل، ڈاکٹر صباح موسوی نے کربلاء ٹوڈے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "کربلاء سے تعلق رکھنے والے 1500 عازمینِ حج کے لیے طبی معائنہ اور ویکسینیشن کا سلسلہ آج سے شروع کر دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں نو طبی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ "ہر مرکز میں طبی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، جو وزارتِ صحت اور حج و عمرہ کمیشن کے تعاون سے قائم کردہ 'کمیٹی برائے استطاعت' کے ساتھ ہم آہنگی سے کام کر رہی ہیں۔ ان کمیٹیوں کی ذمہ داری حجاج کا جسمانی اور ذہنی معائنہ کرنا، صحت کارڈ جاری کرنا، اور متعدی امراض سے پاک ہونے کی تصدیق کرنا ہے تاکہ مناسکِ حج کی ادائیگی محفوظ طریقے سے ممکن ہو سکے۔

محکمہ صحت کے مطابق، تمام عازمین کو گردن توڑ بخار (میننجائٹس)، موسمی انفلوئنزا اور پولیو سے بچاؤ کی ویکسینز لازمی طور پر لگوانی ہوں گی، جبکہ 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگوانے کی بھی خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

ویکسینیشن مکمل کروانے والے عازمین کو پیلا رنگ کا خصوصی سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا، جو حج کے لیے درکار اہم دستاویزات میں شمار ہوگا۔ حکومت نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ ہر عازم کو روانگی سے کم از کم 10 دن پہلے ویکسینیشن کارڈ حاصل کر لینا ضروری ہے

اس کے علاوہ، روانگی سے قبل تمام عازمین کو سم کارڈ، شناختی لاکٹ اور دیگر ضروری سفری کوائف بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ دورانِ حج کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے

ڈاکٹر موسوی نے یقین دہانی کرائی کہ "تمام ویکسینز بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ اور معتبر کمپنیوں سے درآمد کی گئی ہیں، تاکہ ان کے معیار اور تاثیر پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔

منسلکات

العودة إلى الأعلى