بغداد 2025 میں عرب سیاحت کا دارالحکومت قرار
عرب لیگ کی وزارتی کونسل کا بغداد کو 2025 کا عرب سیاحت کا دارالحکومت قرار دینے کا فیصلہ
معیارات پر پورا اترنے پر عرب ٹورازم آرگنائزیشن نے بغداد، کو 2025 کے لیے عرب سیاحت کا دارالحکومت قرار دینے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان تنظیم کے منظور شدہ معیاروں پر پورا اترنے کے بعد، عرب لیگ کے جنرل سیکرٹریٹ کے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ عرب وزارتی کونسل برائے سیاحت کے 27ویں اجلاس میں کیا گیا۔
آرگنائزیشن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا کہ بغداد کا انتخاب سیاحتی شعبے کے انتظام، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، متنوع سیاحتی وسائل، ماحول کے تحفظ، سیاحت میں ترقی پذیر رجحانات کے ساتھ ہم آہنگی، اور صحت و سلامتی کے ساتھ سیاحتی استحکام کو یقینی بنانے جیسے معیاروں کی بنیاد پر کیا گیا۔
عرب وزارتی کونسل برائے سیاحت نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا اور بغداد کی ثقافتی اور تہذیبی خصوصیات کو اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا اس سے عرب ممالک کے درمیان سیاحتی تعاون بڑھانے اور اس کی تاریخی اور تہذیبی حیثیت کو نمایاں کرنے کے لیے اہم قرار دیا۔
عرب ٹورازم آرگنائزیشن کے صدر، بندر بن فہد آل فہید نے اس موقع پر عراقی حکومت اور عوام کو مبارکباد دی۔
انہوں نے وضاحت کی کہ عرب سیاحت کے لیے دارالحکومت کا انتخاب، عرب ممالک کے درمیان سیاحتی تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ منتخب شہر کی منفرد سیاحتی خصوصیات کو پیش کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔
آل فہید نے یہ بھی بتایا کہ 2025 میں بغداد میں کئی پروگرام اور تقریبات منعقد ہوں گی، جو عراقی وزارت ثقافت، سیاحت، اور نوادرات کے تعاون سے سیاحت کو فروغ دینے کے لیے منعقد کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بغداد کو عرب سیاحت کے دارالحکومت کے طور پر منانے کی تقریبات سال کے آغاز میں شروع ہوں گی، تاکہ عراق کو علاقائی اور عالمی سیاحتی نقشے پر نمایاں کیا جا سکے۔
یہ اقدام بغداد کی تاریخی گہرائی اور ثقافتی ورثے کو نمایاں کرنے کے ساتھ ساتھ اسے عرب اور عالمی سیاحت کے لیے ایک پرکشش مقام بنانے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر سامنے آیا ہے۔
ابو علی