الثقلین ہسپتال میں جدید ترین طبی آلات اور تجربہ کار میڈیکل ٹیم کے غیر ملکی ڈاکٹر بھی معترف
ہندوستان کے ایک ماہر ڈاکٹر نے بصرہ میں کینسر کے علاج کے لیے حرم امام حسین علیہ السلام کی جانب سے بنائے گئے الثقلین ہسپتال کو عالمی معیار کا ہسپتال قرار دیا ہے۔
تابکاری اور تھراپی کے ماہر ڈاکٹر وقار سید، جو اسی ہسپتال میں خدمات انجام دے رہے ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ حرم امام حسین علیہ السلام نے اس ہسپتال کو عالمی معیار کے مطابق بنایا ہے اور اس میں جدیدترین طبی آلات کے ساتھ ساتھ ملکی و غیر ملکی ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم سے خدمات لی جا رہی ہیں جو کہ انتہائی خوش آئند بات ہے۔
انہوں نے کہا میرا یہ پہلا تجربہ ہے کہ میں عراق میں کینسر کے مریضوں کا علاج کرنے والی میڈیکل ٹیم کا حصہ بنا ہوں۔ جب میں نے یہاں ہسپتال میں موجود سہولیات کو دیکھا تو بہت خوش ہوا ۔
یہاں کا عملہ مریضوں کے ساتھ بہت تعاون کر رہا ہے اور بہترین خدمت انجام دے رہا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ روضہ امام حسین علیہ السلام نے چند روز قبل صوبہ بصرہ میں رسولی کے علاج کے لیے الثقلین اسپتال کا افتتاح کیا ہے اور یہاں پر ایک سال تک مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ اس ہسپتال میں دنیا کے مختلف ممالک سے بہترین طبی عملے کو لایا گیا ہے تاکہ بہترین طبی خدمات فراہم کی جاسکیں۔